ہمیں کوئی بچانے نہیں آیا سب تماشہ دیکھتے رہے۔۔ فیصل آباد میں بدتمیزی کا شکار ہونے والی عورت کا بیان جاری

image

“ہمیں پیاس لگی تھی تو ہم ایک دکان میں پانی پینے گئے تھے دو کان دار نے چوری کا الزام لگا کر شور مچایا اور ہم سے نازیبا سلوک کیا۔ دو گھنٹے تک ہم پھنسے رہے۔ سب تماشہ دیکھتے رہے لیکن کوئی مدد کو نہ آیا“

یہ الفاظ فیصل آباد واقعے کا شکار ہونے والی چار خواتین میں سے ایک کے ہیں جن کا نام ناصرہ ہے۔ ناصرہ کہتی ہیں کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر کی جانے والی تمام باتیں جھوٹا پروپگینڈہ ہیں۔ وہ ظلم کا شکار ہوئی ہیں جس کا ثبوت مختلف ویڈیوز میں ہے۔

خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات میں تیزی

خواتین سے بدسلوکی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ گزشتہ کئی دنوں سے ان واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ آپ کو یاد ہوگا کہ کچھ دن پہلے کراچی میں تحریکِ انصاف سے تعلق رکھنے والی لیلیٰ پروین کے ساتھ بھی بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد انھوں نے رو رو کر وزیرِ اعظم کو دہائی دی تھی۔

شہر الگ لیکن کہانی ایک

اس سے پہلے عائشہ اکرام نامی ٹک ٹاکر کے ساتھ بھی بدتمیزی اور اخلاق سے عاری رویے کی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں۔ جب کہ اسماء رانی اور نور مقدم جیسے کیسز تو بچے بچے کو معلوم ہیں۔ کیا وجہ ہے کہ پاکستان جو اسلام کا قلعہ کہلاتا ہے اسلام میں خواتین کی بتائی گئی حرمت اور تقدس کو فراموش کرچکا ہے؟

ذمہ دار کون؟

اس میں ایک جانب حکومت اور انصاف کرنے والے ادارے ذمہ دار ہیں جو ایسے واقعات کے بعد انصاف کرنے میں اتنی دیر کردیتے ہیں کہ لوگ واقعے کو فراموش کرچکے ہوتے ہیں اور اس سے ملنے والی سزا سے سبق نہیں سیکھتے یا پھر اس طرح کے جرم کرنے والوں کو کچھ عرصہ حراست میں رکھ کر دوبارہ درندگی پھیلانے کے لئے چھوڑ دیا جاتا ہے جس سے لوگوں کو جرم کرنا آسان لگنے لگتا ہے۔

پردہ عورت کے جسم اور مرد کی نظر کا بھی ہے

دوسرا ان جرائم میں لوگوں کی اس ذہنیت کا بھی ہاتھ ہے کہ اگر کوئی عورت گھر سے باہر موجود ہے یا بغیر پردے کے ہے تو انھیں بدسلوکی کا حق حاصل ہے۔ جبکہ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ پردہ عورت کے لباس کے ساتھ مرد کی نگاہوں کا بھی ہے۔ وہ مرد جو اپنے گناہوں کو عورت کے لباس سے جوڑٹے ہیں وہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ اگر ان کی نظر نیچی ہوگی تو انھیں نہ تو خاتون دکھائی دے گی اور نہ ہی ان کا نفس کمزور پڑے گا۔

ملک کی بدنامی

لوگوں کو یاد رکھنا چاہئیے کہ اس قسم کے بڑھتے واقعات سوشل میڈیا کے زریعے منٹوں میں پوری دنیا تک پہنچ جاتے ہیں اور پاکستان کا نام خراب کرنے کی وجہ بنتے ہیں جس کے بعد کسی بھارتی یا اسرائیلی کو ہمارے خلاف سازشیں کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US