ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی چھ روزہ آخری رسومات میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 10 لاکھ سے 4 کروڑ 30 لاکھ افراد نے شرکت کی جسے ایران کی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی اجتماعات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور عراق کے پانچ اہم شہروں، تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں تعزیتی تقریبات، جنازوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں لاکھوں افراد نے مختلف مراحل میں شرکت کی۔ سرکاری رسومات کا آغاز تہران کے گرینڈ مصلیٰ کمپلیکس سے ہوا جہاں شہریوں نے تابوت کی آخری زیارت کی جس کے بعد مختلف شہروں میں تعزیتی جلوس نکالے گئے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ یہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ اور عوامی جلوس تھا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ تقریبات ایران کے لیے مذہبی اور سیاسی لحاظ سے غیر معمولی اہمیت رکھتی تھیں جبکہ ایرانی قیادت نے عوامی شرکت کو قومی اتحاد اور یکجہتی کی علامت قرار دیا ہے۔