سرکاری اداروں میں کام کرنے والے افسر درحقیقت عوام کے نوکر ہوتے ہیں جن کا کام پبلک کی مدد کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے۔ مگر بدقسمتی سے ان کا عوام کے ساتھ غیر معیاری سلوک عروج پر ہوتا ہے۔
گذشتہ روز ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں نادرہ کے ایک افسر نے بوڑھی خاتون اور ان کے بیٹے کے ساتھ بدسلوکی کی تمام حدود پار کیں اور ان کے لیے برے الفاظ کا استعمال کیا ساتھ دھمکیاں بھی دیں۔
سوشل میڈیا صارفین نادرا افسر کے برے سلوک کو شرمناک قرار دے رہے ہیں۔
نادرا افسر محمد صادق نے معمر خاتون کے بیٹے کو کہا کہ بار بار اس بڈھی کو کیوں لے کر آرہا ہے، 100 بار بھی چکر لگاؤ گے تو کام نہیں ہوگا، جاؤ گجرنالے پر چلے جاؤ۔
نادرا افسر نے شہری کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ بدمعاشی ہے، باہر آکر سمجھاؤں۔
لڑکے کی بوڑھی والدہ نادرا افسر کو جانے دو بیٹا کہہ کر بار بار روکتی رہی، ویڈیو بنانے والے شہری سے بھی نادرا افسر نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔
بعدازاں چیئرمین نادرا طارق ملک نے شہری سے ناروا سلوک پر ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد صادق کومعطل کردیا۔