اداکار فرقان قریشی کی والدہ انتقال کر گئیں۔ شبِ معراج کی رات انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے سب کو شبِ معراج مبارک کرنے کے ساتھ ساتھ لکھا تھا کہ میری امی کو اپنی دعاؤں میں خاص طور پر یاد رکھیں۔ میری امی کینسر کے چوتھے سٹیج پر ہیں اور اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہیں۔
آج فرقان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج صبح فجر کے وقت میری والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔ میری امی دنیا چھوڑ کر ایک اچھی جگہ چلی گئیں ہیں۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ میری امی کی مغفرت کے لیے دعا بھی کریں اور سورۃ الفاتحہ بھی پڑھیں۔
نمازِ جنازہ سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ:
''
آج بعد نمازِ عصر میری والدہ کی نماز جنازہ مسجد عثمان غنی کلفٹن میں پڑھائی جائے گی۔
''
ان کے والد جنرل مینیجر تھے اور ان کی وفات اس وقت ہوئی جب فرقان کی عمر صرف 20 سال تھی۔
انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ:
''
جب والد کا انتقال ہوا تو میری عمر 20 سال تھی، بہنیں مجھ سے بڑی تھیں اور ان کی تعلیم بھی صرف اے لیول تھی۔ ابو کے انتقال کے وقت ان کے اکاؤنٹ میں صرف 1200 روپے تھے
۔
اس وقت میں معاشی طور پر بھی مضبوط نہیں تھا، میں بہنوں سے پیسے لیا کرتا تھا کیوںکہ اس وقت پیسے ہی نہیں ہوا کرتے تھے، میری کامیابی میں میری دونوں بہنوں کا ہاتھ ہے۔ زندگی بہت مشکل تھی، دعا ہے کہ اللہ کبھی کسی کو امیر سے غریب نہ کرے۔
''
فرقان نے اپنی والدہ سے متعلق جب بھی بات کی ہمیشہ عزت اور احترام کے ساتھ کی اور ہمیشہ ان کی زندگی بھر کی محنت کو سراہا۔ ان کا والدہ کے ساتھ بالکل دوستانہ تعلق تھا۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ میری والدہ نے زندگی بھر جتنی محنت کی ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔