پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم کے شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنے کے معاوضوں سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ دونوں فنکار دنیا بھر میں اپنی شاندار لائیو پرفارمنسز کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور پاکستان و بھارت میں کئی ہائی پروفائل شادیوں اور تقریبات میں پرفارم کر چکے ہیں۔
گزشتہ ہفتے فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کی شادی کی تقریب میں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے خصوصی پرفارمنس دی، جہاں انہوں نے مہمانوں کی فرمائش پر اپنے مشہور گیت پیش کیے یہ شادی تقریب سوشل میڈیا پر بھی خاصی زیرِ بحث رہی۔
اس حوالے سے سینئر اینکر پرسن نعیم حنیف نے حال ہی میں دونوں گلوکاروں کے متوقع معاوضوں کا انکشاف کیا۔ ان کے مطابق راحت فتح علی خان شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباً ایک کروڑ 25 لاکھ روپے وصول کرتے ہیں۔ اگر پرفارمنس کسی دوسرے شہر میں ہو تو معاوضہ بڑھ جاتا ہے جبکہ بیرونِ ملک پرفارمنس کی صورت میں یہ رقم دگنی ہو جاتی ہے۔
نعیم حنیف کے مطابق عاطف اسلم ماضی میں شادیوں میں پرفارم نہیں کرتے تھے تاہم تقریباً سات سال قبل ملک ریاض کی جانب سے دی گئی ایک پیشکش کے بعد انہوں نے شادی کی تقریبات میں پرفارم کرنا شروع کیا۔ بتایا گیا کہ عاطف اسلم فی پرفارمنس تقریباً 2 سے 2.5 کروڑ روپے وصول کرتے ہیں۔
نعیم حنیف نے یہ بھی بتایا کہ معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین صحت کے مسائل کے باعث شاذ و نادر ہی پرفارم کرتی ہیں تاہم اگر وہ کسی تقریب میں شریک ہوں تو ان کا معاوضہ 60 سے 70 ہزار ڈالر تک ہوتا ہے۔