معروف پاکستانی کامیڈین ولی شیخ ایک نجی ٹی وی کے لائیو شو میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ میزبان یونس خان کے شو 21 ایم ایم شو میں بطور مہمان شریک تھے۔
رپورٹس کے مطابق شو کے دوران میزبان نے ولی شیخ کے اندازِ مزاح اور کیریئر کا مذاق اڑایا جس پر کامیڈین نے سوال کیا کہ آیا انہیں پروگرام میں صرف تضحیک کے لیے بلایا گیا ہے۔ اس موقع پر میزبان کی جانب سے عمر کا حوالہ دے کر بات کی گئی جس پر ولی شیخ شدید برہم ہو گئے اور بات تلخ کلامی تک جا پہنچی۔
صورتحال اس وقت مزید خراب ہو گئی جب دونوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی جسے پروگرام کی ٹیم نے مداخلت کر کے روکنے کی کوشش کی۔ لائیو شو کے دوران یہ مناظر ناظرین نے براہِ راست دیکھے جس کے بعد ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے۔
بعد ازاں ولی شیخ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے اچھے اخلاق اور باوقار رویے کے لیے جانے جاتے ہیں اور ان کے ساتھی فنکار اس کی گواہی دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میزبان نے جان بوجھ کر انہیں نیچا دکھانے کی کوشش کی اور یہ سب محض شہرت حاصل کرنے کا حربہ تھا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد ولی شیخ کے حق میں سامنے آ گئی ہے اور میزبان یونس خان سے معذرت کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ کچھ صارفین نے اسے دونوں جانب سے پبلسٹی اسٹنٹ بھی قرار دیا ہے۔