سپریم کورٹ کے فیصلے پر ریحام خان خوشی سے نہال۔ وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی بھی کھائی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ایک ویڈیو میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ ریحام خان اپنی فیملی کے ہمراہ مٹھائی کھاتے ہوئے بھنگڑا بھی ڈال رہی ہیں۔
مزید یہ کہ اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ہمیشہ صحیح کی جیت ہوتی ہے۔ اپنے دوسرے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ مبارک ہو پاکستان، سپریم کورٹ نے نظریہ ضرورت کو دفن کر دیا، بے شک عدلیہ ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے، آج پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں یہ بھی کہہ ڈالا کہ آج کی سحری میری طرف سے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی کو بحال کر دیا اور حکم دیا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی کا اجلاس ہر صورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔
یہی نہیں بلکہ محترم سپریم کورٹ نے نگراں حکومت بنانے کے تمام احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہفتے کی صبح 10 بجے ووٹنگ کروائی جائے۔