آٹے کا سرکاری کوٹہ بحال نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ، احمد کنڈی کا توجہ دلاؤ نوٹس

image

خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے صوبے میں آٹے کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے آٹے کا سرکاری کوٹہ تاحال بحال نہ کیے جانے کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عام شہری اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی نے نشاندہی کی کہ صوبہ پنجاب کی جانب سے آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 155 کے برخلاف آٹے اور گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت آٹے کی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے سرکاری کوٹہ فوری بحال کرنے اور بین الصوبائی رکاوٹوں کے خاتمے کے عملی اقدامات سے ایوان کو آگاہ کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US