پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی بھی ان خوش قسمت لوگوں میں شامل ہوگئیں جو غلاف کعبہ سینے کا شرف حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے اس حوالے سے ایک وی لاگ بھی شوٹ کروایا ہے جس پر ان کی خواہش تھی کہ وہ اس چیز کو اپنے مداحوں کے ساتھ شئیر کریں۔
شائستہ لودھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر غلاف کعبہ سینے کے مناظر کی مکمل ویڈیو شئیر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے ان جذبات کا اظہار کر رہی ہیں جو انہوں نے کسوہ تیار کرتے ہوئے محسوس کیے۔
مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شائستہ لودھی سعودی عرب کی اس فیکٹری میں موجود ہیں جہاں غلافِ کعبہ تیار کیا جاتا ہے اور وہ سعودی ملازمین کی مدد سے غلافِ کعبہ کی سِلائی کر رہی ہیں۔
شائستہ لودھی کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کئی پیجز کی جانب سے بھی شئیر کیا گیا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین اداکارہ و میزبان کو یہ سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کررہے ہیں اور ان کے لئے دعائیہ کلمات بھی کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غلاف کعبہ سینے سے متعلق میرے خاوند کے پاس کال آئی تھی جس کے لیے میں گذشتہ پانچ چھ سال سے انتظار کر رہی تھی۔
ڈاکٹر شائستہ نے بتایا کہ مجھے یہ سفر کسی کے ساتھ شئیر نہیں کرنا تھا کیونکہ یہ میرا اور اللہ کا معاملہ ہے۔ لیکن یہ میری زندگی کا خوش قسمت ترین دن ہے۔
میزبان شائستہ لودھی نے بتایا کہ عمرہ کے لیے پہلے بھی آئے لیکن اس قابل نہیں سمجھا گیا مگر اس بار عمرہ کر کے جب اُوپر ہوٹل میں آئے تو اچانک یہ خبر ملی جس پر مجھے بے حد خوشی ہوئی۔ تو میں نے سوچا کہ میں اپنی آنکھوں سے کسوہ سینے کے مناظر آپ سب لوگوں کے ساتھ شئیر کروں۔
ڈاکٹر شائستہ لودھی اس سے قبل اپنے ویلاگ میں خانہ کعبہ اور روضہ رسولﷺ سے ملنے والے تبرکات سے متعلق ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر شئیر کرچکی ہیں جو انکے مداحوں کو بہت پسند آئی تھی۔