پاکستان کی معروف ٹی وی اور فلم اداکارہ نمرہ شاہد نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق دلچسپ تفصیلات شیئر کی ہیں۔ نمرہ شاہد نے 2016 میں شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور سہیلیاں، شدّت، بھولی بانو، ڈر خدا سے، رومیو ویڈز ہیر، کھٹی میٹھی لو اسٹوری اور اے مشتِ خاک سمیت کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کی۔ حال ہی میں ڈرامہ ’معمہ‘ میں آسیہ کے کردار پر انہیں ناظرین اور ناقدین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
نمرہ شاہد نے یوٹیوب شو میں میزبان رابعہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ملاقات اپنے شوہر زکریا خان سے ایک فلم کے سیٹ پر ہوئی جس میں وہ دونوں کام کر رہے تھے۔ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ زکریا خان فلم کے پروڈیوسر ہیں۔ ابتدا میں دونوں کے درمیان صرف پروفیشنل تعلق تھا تاہم وقت کے ساتھ اچھی سمجھ بوجھ پیدا ہوئی اور خاندانوں سے متعلق بات چیت بھی ہونے لگی۔
اداکارہ کے مطابق زکریا خان نے صرف تین ماہ بعد شادی کی پیشکش کی جو انہیں ایک سنجیدہ اور خلوص بھرا قدم لگا۔ نمرہ شاہد نے کہا کہ وہ زندگی میں سیٹل ہونا چاہتی تھیں اور زکریا خان انہیں بطور شریکِ حیات موزوں لگے۔
نمرہ شاہد نے یہ بھی بتایا کہ ان کی تین سالہ بیٹی ہے۔ ماں بننے کے بعد وہ کچھ عرصہ کام سے دور رہیں اور اس دوران ڈپریشن اور انزائٹی کا سامنا کرنا پڑا۔ شوہر اور والدہ کے مشورے سے انہوں نے دوبارہ کام شروع کیا جبکہ ان کی والدہ بیٹی کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔