آج کل لیموں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ایسے میں خاتون خانہ کو سمجھ نہیں آتا کہ سالن میں ایسا کیا ڈالیں جو لیموں جیسی کھٹاس اور خوشبو آجائے۔ اس آرٹیکل میں ہم لیموں کے ایسے متبادل بتائیں گے جو پڑیں آپ کو مہنگے لیموں سے کہیں سستے اور ذائقہ بھی دیں لذیذ
سرکہ
ایسی ڈشز جن میں لیموں کا استعمال لازمی ہو ان میں سرکہ ڈالا جاسکتا ہے۔ سرکے کی کھٹاس کھانے میں کھٹاس پیدا کرے گی اور چونکہ سرکہ بے رنگ ہوتا ہے اس لئے یہ کھانے کی رنگت بھی نہیں تبدیل کرے گا۔
ٹماٹر
کھٹاس کے لئے ٹماٹر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ٹماٹر کا رس نکال کر اسے کھانے میں ڈالنے سے لیموں کی کمی تو پوری ہوجائے گی لیکن کسی حد تک سالن کی رنگت بھی تبدیل کر دے گا۔
نارنگی کا جوس
نارنگی یا گریپ فروٹ کا جوس بھی لیموں کا بہترین متبادل ہوسکتا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ تمام پھل ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ معمولی سے فرق سے ان کا ذائقہ اور خوشبو بھی تقریباً ایک جیسی ہوتی ہے۔
دہی
دہی بھی سالن میں لیموں کی جگہ ڈالی جاسکتی ہے۔ دہی کا ایک فائدہ یہ ہے کہ یہ سالن کو گاڑھا بھی کرے گی اور اگر اس میں زرا سا ٹماٹر ملا دیا جائے تو رنگ بھی زبردست آئے گا۔
لیموں کے چھلکے
جب بھی لیموں خریدیں اس کے چھلکے سکھا کر گرائینڈ کر لیں اور لیموں کی غیر موجودگی یا مہنگا ہونے کی صورت میں وہی چھلکے استعمال کریں۔ اسی طرح آئس کیوبز کی ٹرے میں بھی لیموں کا عرق محفوظ کیا جاسکتا ہے۔