بھارت کے شہر حیدرآباد میں رکشہ ڈرائیور محمد حبیب خان نے شدید گرمی میں عوام کیلئے اپنے رکشے میں ٹھنڈے پانی کی مشین لگا کر معاشرے میں انسانی خدمت کی ایک نئی مثال قائم کردی ہے۔
حیدرآباد کے علاقے شاستری پورم زین کالونی کے 60 سالہ محمد حبیب خان کرائے کا رکشہ چلاتے ہیں اور یومیہ 4 سے 5سو روپے کما لیتے ہیں جس میں سے 150 روپے ٹھنڈے پانی کیلئے خرچ کرتے ہیں۔
حبیب خان نے اپنے رکشے کے اندر مسافروں کی سیٹ کے عقب میں پانی کا انتظام ہے اور بیرونی حصے میں نل لگایا ہے جس سے روزانہ ٹھنڈا پانی مسافروں اور راہگیروں کو مفت فراہم کرتے ہیں۔
حبیب خان کا کہنا ہے کہ میں نے عوام کو پانی پلانے کا ارادہ کیا تو اسباب خود بہ خود بنتے گئے، شروع میں ایک پانی کا کین رکشے میں رکھا اور جہاں سے گزرتے وہاں لوگوں کو پانی پلاتے جاتے اور دعائیں اور تحسین حاصل کرتے۔ معروف بھارتی سیاستدان اسد الدین اویسی نے بھی حبیب خان کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
حبیب خان کا کہنا ہے کہ کئی لوگ مدد کی پیشکش کرتے ہیں تاہم وہ کسی کی مدد لینا پسند نہیں کرتے۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ اپنی پیاس بجھاتے ہیں اور بہت ساری دعائیں دیتے ہیں جس سے انہیں دلی تسکین اور مسرت حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے موسم گرما کے اختتام کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔