ملکہ الزبتھ جیسی طاقت ور اور لمبے عرصے تک حکومت کرنے والی ملکہ شاید ہی دنیا میں پہلے کبھی رہی ہو۔ اگرچہ وہ برطانیہ جیسی ریاست کی ملکہ ہیں مگر ان کی شخصت میں وہ روپ بھی شامل ہیں جو ایک عام عورت کی زندگی میں ہوتے ہیں۔ اس آرٹیکل میں ہم 96 سالہ ملکہ کی زندگی کے اہم واقعات کی تصاویر کے ذریعے ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر بات کریں گے۔
25 سالہ لڑکی نے کئی دہائیوں کے لئے ملکہ کا تاج پہنا
2 جون 1953 وہ دن تھا جب ایک 25 سالہ لڑکی نے ملکہ کا تاج پہنا۔ یوں تو وہ پہلے بھی شہزادی تھیں لیکن تاج پہننے کے بعد ریاست پر سب سے زیادہ مالکانہ حقوق رکھنے والی شخصیت بن گئیں۔ ملکہ کی بادشاہت کو اب تک 70 سال گزر چکے ہیں اس دوران انھوں نے اپنی ریاستی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں اور نجی زندگی میں بھی بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے۔
ملکہ بننے سے پہلے بی بی سی ریڈیو سے خطاب
یہ تصویر شہزادی الزبتھ کی ہے جب وہ ملکہ نہیں بنی تھیں اور صرف 21 برس کی تھیں۔ ساؤتھ افریقا کے دورے کے دوران انھوں نے بی بی سی ریڈیو سے خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ “میری عمر کم ہوئی یا زیادہ میں ساری زندگی عوام کی خدمت میں وقف کروں گی“
پہلی بار ٹی وی پر خطاب
یہ تصویر 25 دسمبر 1957کو لی گئی۔ یہ وہ دن ہے جب ملکہ نے ٹیلیویژن پر اپنی پہلی باقاعدہ تقریر کی۔ خصوصی لباس میں ملکہ کافی خوش نظر آرہی ہیں۔
بیٹے کی منگنی کی تقریب میں
27 مارچ 1981 کی یہ تصویر ملکہ کے بیٹے شہزادے چارلس کی منگنی کے موقع پر لی گئی۔ اس تصویر کی خاص بات شہزادی ڈیانا ہیں جنھوں نے اپنی نرم دلی اور حساس طبعیت سے کروڑوں دلوں پر راج تو کیا مگر اپنے شوہر اور ساس کی نگاہ میں وہ مقام نہ بنا سکیں جس کی وہ حقدار تھیں۔ ملکہ الزبتھ اپنی بہو ڈیانا کے لئے ایک روایتی ساس ثابت ہوئیں۔/p>
بہو کے انتقال پر ملکہ کا سرد رویہ
ایک بار پھر اس تصویر میں سب سے خاص شخصیت شہزادی ڈیانا ہی ہیں جو بظاہر اس تصویر میں نہیں۔ یہ تصویر دراصل ان کے ٹریفک حادثے میں انتقال کے بعد کی ہے جب دنیا بھر سے آئے پھولوں کو محل کے سامنے رکھنے کی جگہ بھی نہیں رہی تھی۔ ان کی اچانک موت نے جہاں دنیا کو توڑ کر رکھ دیا تھا وہیں ملکہ نے اس حادثے پر کچھ دن بعد نوٹس لیا تھا۔
دکھی اور بزرگ بیوہ مگر طاقتور ملکہ
9 اپریل 2021 کو ملکہ کے محبوب شوہر پرنس فلپ کا انتقال ہوا تھا۔ یہ وقت عالمی وباء کورونا کے عروج کا تھا جس کی وجہ سے ملکہ سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال کرتے ہوئے سیاہ لباس اور سیاہ ماسک میں تنہا اداس بیٹھیں ہیں۔ اگرچہ وہ اس وقت بیوگی کے دکھ میں مبتلا ہیں لیکن ان کا اکیلے اپنے شوہر کی تدفین کے عمل میں بیٹھنا دنیا میں مضبوطی کی علامت کے طور پر لیا گیا۔
70 سال حکومت کرنے والی ملکہ مگر شفیق دادی
2 جون 2022 کو ملکہ نے اپنی حکومت کے 70 سال مکمل ہونے پر پلاٹینئیم جوبلی کی تقریب منائی۔ اس میں ملکہ کو ان کے پوتے پوتیوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تقریب میں وہ ایک مشفق اور پیار کرنے والی دادی جیسی دکھائی دیں۔