تتلی پکڑنے کی عمر میں بوجھ اٹھانے والے یہ چھوٹے اپنے گھروں کے "بڑے "ہوتے ہیں

image

پاکستان سمیت دنیا بھرمیں بیروزگاری، بھوک اور بدحالی بڑھتی جارہی ہے، ہر انسان رزق کی تلاش میں سرگرداں ہے اور ایسے میں کھیلنے کے دنوں میں محنت مشقت کرنیوالے ننھے معصوم بچوں کو دیکھ کر اکثر انتہائی افسوس ہوتا ہے لیکن یہ ننھے معصوم بچے اپنے گھروں کا بوجھ اٹھانے والے بڑے ہوتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی رپورٹس کے مطابق کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں جہاں دیگر شعبہ ہائے زندگی میں یکسر تبدیلیاں آئیں اور زندگی کے معمولات پر بھی کورونا کی وبا نے گہرے اثرات مرتب کیے ۔اس وباء کے پھیلاؤ کے آغاز سے ہی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور دستیابی میں رکاوٹیں پیدا ہونا شروع ہوگئی تھیں۔

کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی مہلک بیماری کی وجہ سے عالمی سپلائی چین میں خلل پیدا ہوا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا اور خوراک کی قلت پیدا ہو گئی۔ ایسے میں صارفین کی مانگ میں اضافہ اور سپلائی کا بندوبست کرنے والوں کے لیے اپنی خدمات کی مُنہ مانگی قیمت وصول کرنے کا موقع بھی میسر آ گیا۔

دنیا ابھی کورونا کے اثرات سے باہر نکلنا شروع بھی نہیں ہوئی تھی کہ روس اور یوکرین کی جنگ چھڑ گئی۔ اس سے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا اور دنیا میں غذائی قلت پیدا ہو گئی ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ روس اور یوکرین دونوں ممالک گندم اور سورج مکھی کے تیل جیسی زرعی اجناس کے عالمی سپلائرز ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین کی بندرگاہوں کا راستہ بند کیے جانے کے بعد سے سپلائی متاثر ہوئی اور دنیا بھر میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا اور آنیوالے چند سالوں میں دنیا میں غذائی بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔

پاکستان میں بھی مہنگائی کی شرح 20 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے اور روزگار کے مواقع محدود ہونے کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کو تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے قاصر ہیں اور اکثر والدین کا ساتھ دینے کیلئے ننھے معصوم بچے روزگار کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیتے ہیں جنہیں دیکھ کر نہایت افسوس ہوتا ہے ،بقول شاعر"وہ سب معصوم سے چہرے تلاش رزق میں گم ہیں جنہیں تتلی پکڑنا تھی ، جنہیں باغوں میں ہونا تھا"۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts