ملک ریاض سے مبینہ طور پر زیورات لینے کے حوالے سے اطلاعات کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سے موازنہ کرنے پر ریحام خان بھڑک اٹھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ میرے پاس اپنی بہت جیولری ہے۔ کچھ بھی حرام لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت کے ترجمان عطا تارڑ نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان بیٹی کی مبینہ آڈیو پیش کی تھی جس میں ملک ریاض کی بیٹی اپنے والد کو بتا رہی ہیں کہ فرح خان کا فون آیا تھا، خاتون اول نے ہیرے کی 3 قیراط کی انگوٹھی قبول کرنے سے منع کردیا ہے۔
اس مبینہ آڈیو میں امبر فرح خان کا نام لیے بغیر کہتی ہیں کہ ہفتے کو اُس (فرح خان) سے ملاقات ہے، انگوٹھی اُس سے پہلے ہی ارینج کرلیں، اس پر ملک ریاض اپنی صاحبزادی سے کہتے ہیں کہ تم انگوٹھی منگوالو۔
دوسری جانب ملک ریاض نے حالیہ آڈیو کو جعلی قرار دے دیا ہے، اس پہلے ملک ریاض اور سابق صدر آصف علی زرداری کی مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی اس کی بھی ملک ریاض نے تردید کردی تھی۔