ممبئی: بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اور رہنما کو پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف توہین آمیز ٹوئٹس کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا،اقوام متحدہ نے مذاہب کے احترام کا پیغام جاری کردیا، القاعدہ نے بھارت کو خودکش حملوں کی دھمکی دیدی۔
بی جے پی کے رہنما کو کانپور پولیس نے توہین آمیز ٹوئٹس کے الزام میں گرفتار کیا ، یہ گرفتاری نوپور شرما کی معطلی کے بعد کی گئی جبکہ توہین آمیز ٹوئٹس کو حذف کر دیا گیا۔
پولیس نے بی جے پی یوتھ ونگ اور طلبہ کونسل کے رکن ہرشیت سری واستو کیخلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھارت میں بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے لیے احترام اور رواداری رکھنا بہت ضروری ہے، کسی کی دل آزاری اور مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا درست نہیں۔
نوپور شرما اور ہرشیت سری واستو کے گستاخانہ بیانات کے بعد القاعدہ نے نبی کریم ﷺکی شان کا حوالہ دیتے ہوئے ممبئی اور دہلی جیسے بڑے بھارتی شہروں میں خود کش حملوں کی دھمکی دیدی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق القاعدہ نیٹ ورک نے اپنے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ پیغمبر اسلامﷺ کی شان کی لڑائی کیلئے دہلی، ممبئی، اتر پردیش اور ریاست گجرات میں خود کش حملے کرنے کے لیے تیار ہیں۔
القاعدہ نے اپنے خط میں مزید لکھاکہ ہم دنیا کے ایسے ہر گستاخ خاص طور پر بھارت میں ہندوتوا کے دہشت گردوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں اپنے نبی ﷺکی عزت کے لیے لڑنا ہے۔