آپ نے بچوں کا پیٹ بھرنے کے لئے لوگوں کو بھیک مانگتے بہت بار دیکھا ہوگا۔ تن ڈھکنے یا بچے کے پیروں میں چپل دلوانے کے لیے بھی کئی بار لوگوں کو پیسے مانگتے دیکھا ہوگا لیکن کیا کبھی آپ نے جوان بیٹے کو دفنانے کے لیے ماں باپ کو بھیک مانگتے دیکھا ہے؟
پیسے نہیں دو گے تو بیٹے کی لاش بھی نہیں ملے گی
یہ واقعہ بھارت کی ریاست بہار میں پیش آیا ہے جسے دیکھ کر اور سن کر انسانیت بھی شرمندہ ہے۔ گھر گھر جا کر بھیک مانگتے مہیش ٹھاکر کا کہنا ہے کہ "کچھ دیر پہلے میرا بیٹا لاپتہ ہوگیا تھا جس کے بعد مجھے فون آیا کہ آپ کے بیٹے کی لاش صدر اسپتال میں ہے آ کر لے جائیں۔ جب میں اپنے جوان بیٹے کی لاش لینے پہنچا تو اسپتال والوں نے 50 ہزار روپے مانگے جو دینے کی میری استطاعت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پیسے نہیں دوگے تو بیٹے کی لاش بھی نہیں ملے گی"
انسانیت کا قتل
جس کے بعد مہیش ٹھاکر اور ان کی بیوی گھر گھر جا کر بیٹے کی لاش اسپتال سے چھڑانے کے لیے بھیک مانگ رہے ہیں۔ اگرچہ علاقے کے قانونی اداروں نے اس واقعے کا نوٹس لے کر اسپتال کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن یہ انسانیت سوز واقعہ یہ بتانے کے لئے کافی ہے کہ آج کے انسانوں میں لالچ اور ہوس نے باقی کسی بھی انسانی جذبے کا خاتمہ کردیا ہے۔