انسان کو چوٹ لگتی ہے تو وہ ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں جبکہ پالتو جانوروں کیلئے بھی خاص طور پر علاج کا اہتمام کیا جاتا ہے لیکن سڑکوں پر گھومنے والے آوارہ جانور چوٹ لگنے پر یونہی پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔
بھارتی ریاست بہار کے علاقے سہرسہ میں ایک انوکھے واقعہ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک زخمی بندریا اپنے بچے کو لے کر شاہ زمان کے علاقے میں واقع ایک پرائیویٹ کلینک میں علاج کے لیے پہنچی۔
ڈاکٹر ایس ایم احمد کے کلینک میں دوپہر کے وقت اچانک ایک بندریا اپنے بچے کے ساتھ آئی اور مریضوں کی میز پر بیٹھ گئی۔ بندریا کے چہرے پر زخموں کے نشانات تھے، شاید کسی نے اس کوپتھر مارا تھا جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئی تھی۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ پہلے تو وہ خود بھی تھوڑا ڈر گئے لیکن چہرے پر زخم دیکھ کر سمجھ گئے کہ یہ بندریا علاج کیلئے آئی ہے اور انہوں نے اس کو تشنج کا انجکشن دیا تو بندریا نے آرام سے ٹیکہ لگوالیا اور چہرے کے زخم پر دوا بھی لگوائی اور مریضوں کی میز پر لیٹ کر آرام بھی کیا۔
انسانوں کے ڈاکٹر کے کلینک میں پیش آنیوالے اس واقعہ کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جنہیں ہٹاکر ڈاکٹر نے بندریا کو جانے کا راستہ دیا۔