بنگلہ دیش میں داخلے کا عمل تیز کرنے کیلئے حکام نے ڈھاکہ کے شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے پر الیکٹرانک امیگریشن گیٹ یا ای گیٹ نصب کر دیا ہے۔الیکٹرانک پاسپورٹ یا ای پاسپورٹ رکھنے والے بنگلہ دیشی امیگریشن پولیس کا سامنا کیے بغیر صرف 18 سیکنڈ میں امیگریشن کی رسمی کارروائیاں مکمل کرنے میں کامیاب ہونگے۔
ای گیٹ سسٹم کا افتتاح 30 جون 2021 کو کیا گیا تھا لیکن محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ اور ایئرپورٹ پر کام کرنے والی پولیس کی اسپیشل برانچ کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان کی وجہ سے یہ فعال نہیں ہو سکا تھا جس کو گزشتہ ہفتے فعال کیا گیا۔
ہوائی اڈے کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر گروپ کیپٹن محمد قمر الاسلام کاکہنا ہے کہ پیر کو تجرباتی طور پر کچھ مسافروں کی گیٹس سے تصدیق کے بعد ای گیٹ کو مکمل طور پر کھول دیا گیا۔12 ای گیٹس روانگی اور تین آمد کیلئے بنائے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بھی الیکٹرانک امیگریشن کے حوالے سے خبریں تو زیر گردش رہتی ہیں لیکن پاکستان میں تاحال اس حوالےسے عملی پیشرفت سامنے نہیں آسکی۔
دوسری جانب دنیا بھر میں پاسپورٹ پر نظر رکھنے والے ادارے ہینلے کی سال 2022 کی رینکنگ کے مطابق جاپان و سنگاپور کے طاقتور ترین پاسپورٹ قرار پائے جبکہ پاکستان کا نیچے سے چوتھا نمبر رہااور دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ افغانستان کا قرار پایا۔ 112 ممالک کی پاسپورٹ رینکنگ میں پاکستان 109ویں ، بنگلہ دیش 104 اور بھارت 85 نمبر پر رہے۔