پولیس نے شوبھدیپ سنگھ سدھوعرف سدھوموسے والا کے قتل کیس کے مرکزی ملزم شارپ شوٹر سنتوش جادھو کو آج صبح گجرات سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سنتوش جادھو کے ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا ہے، پنجاب پولیس نے سنتوش جادھو اور اسکے ساتھی سدھیش کامبلے عرف مہاکال کی گرفتاری کے لئے قومی سطح پر جال بچھایا تھا۔
ملزمان کی گرفتاری کیلئے پونہ کی پولیس نے بھی ایک خصوصی دستہ قائم کیا تھا اور دونوں مفرور ملزمان کی تلاش کے لئے تمام بس اڈوں ، ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈوں کو معلومات فراہم کی گئی تھیں۔
سنتوش جادھو بشنوئی گینگ کا اہم رکن ہے اور ملزم کے خلاف پونے کے منچھر پولیس اسٹیشن نے 2021 میں بھی قتل کا ایک مقدمہ درج کیا تھا۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھاجس پر مرکزی وزارت داخلہ نے سنجیدگی سے نوٹس لیا اور پنجاب پولیس کو اس معاملے جلد سے جلد حل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق موسے والا کو دہلی کے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اپنے ساتھی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے قتل کیا تھا۔