دکاندار نے چور کا ارادہ بھانپ کر خاموشی سے دروازے کو خفیہ لاک لگا دیا، چور بھاگنے میں ناکامی پر چوری کیا ہوا فون واپس کرنے پر مجبور ہوگیا۔
ڈیوزبری ویسٹ یارک انگلینڈ کی دکان کے مالک افضل اعظم نے بتایا کہ مجھے یہ لگا کہ چور کو روکنے پر دکان میں ہنگامہ ہوسکتا ہے اس لئے میں نے چور کے عزائم پر شک ہونے کے بعد داخلی دروازے کو تالا لگانے کے لیے کاؤنٹر کے پیچھے نصب گیزمو کا استعمال کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں کاؤنٹر پر ایک چور نظر آ رہا ہے جو فونز میں دلچسپی ظاہر کرتا ہے جبکہ کچھ دیر بعد چور فون چوری کرکے دکان سے بھاگنے کی کوشش کرتا ہے لیکن دروازہ نہیں کھلتا۔ فرار کا کوئی دوسرا راستہ نہ دیکھ کر چور نے فون واپس کردیا۔
یہ واقعہ 4 دسمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب پیش آیا، فرار ہوتے وقت چور بہت پھرتیلا تھا لیکن واپسی پر بھیگی بلی بن گیا، اسے دکان دار سے التجا کرنی پڑی کہ گلاس ڈور کا لاک کھول دے اور اسے جانے دیا جائے۔
دکاندار نے بتایا کہ چور نے ماسک لگا رکھا تھا اور مجھے خدشہ تھا کہ پکڑنے جانے کی صورت میں اس کی شناخت مشکل ہوسکتی تھی اس لئے میں نے اسکو جانے دیا۔ افضل اعظم کا کہنا ہے کہ میں نے یہ سسٹم خود بنایا تھا اور چور کو معاف کرنے پر مقامی دکانداروں نے میرے اقدام کی تعریف کی۔