خون سفید کیسے ہوتا ہے، یہ آج کے دور میں بخوبی دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ آج کے دور میں ایسے کئی واقعات رونما ہو رہے ہیں، جس میں انسانیت بھی شرما جائے۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو اسی حوالے سے بتائیں گے۔
سوشل میڈیا پر احسن ڈیلی کرائم پیج کی جانب سے ایک خبر اپلوڈ کی گئی جس میں لاہور کے ایک واقعے کا ذکر کیا گیا ہے، جس میں ایک سنگدل باپ نے اپنی ننھی پری کی جان خود لے لی۔
پنجروال پولیس کی جانب سے جناح اسپتال میں ایک کمسن بچی کی غیر معمولی موت پر تحقیق کر رہی تھی، مشکوک انداز میں ننھی پری کی موت جہاں ڈاکٹرز کو حیران کر رہی تھی وہیں پولیس کو بھی شکوک و شبہات تھے۔
دوسری جانب کمسن بچی زہراء فاطمہ کے والد خرم شہزاد نے بیٹی کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کیا اور اسے طبعی موت کا رنگ دیا، تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کی موت کی وجہ کچھ اور سامنے آئی، رپورٹ کے مطابق بچی کی موت منہ پر ہاتھ رکھ کر ہونے کی وجہ سے ہوئی، جس سے کمسن کا سانس رک گیا تھا۔
مزید تفتیش پر خرم نے نہ صرف اعتراف کیا بلکہ انکشاف بھی کیا کہ اس کی سابقہ بیوی فروا طلاق کے بعد علیحدہ ہو چکی تھی، جبکہ تینوں بچے خرم کے پاس ہی تھے، فروا کی جانب سے طعنہ دیا گیا تھا کہ زہراء فاطمہ اُس کی اولاد نہیں ہے، محض ایک بیان پر اس سفاک انسان نے کمسن بچی کو اس دنیا سے ہی رخصت کر دیا۔
اس واقعے نے جہاں سب کو حیران کیا وہیں سوشل میڈیا صارفین کو بھی افسردہ کر دیا ہے اور یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ خرم نے جو کیا وہ کیا، مگر ایک ماں کا خون کیسے سفید ہو گیا؟ اُس نے کیسے اپنی بیٹی کو اس طرح خطرے میں ڈال دیا؟