مرتسم کو میرب مل گئی۔ میثم کو باپ کا پیار مل گیا، دادی کی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچ گئی، بس اس کالے کرتوتوں والی حیا کا منہ نہ ٹوٹا، ایسا کردار دکھایا ہے کہ اصل میں اس اداکارہ سے ہی نفرت ہو جائے۔
ڈرامے میں جہاں یمنیٰ اور وہاج کی اداکاری نے سب کا دل جیتا وہیں ہر قسط سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن کر ابھری۔ آخری قسط پر ماں بیگم سے متعلق بات کرتے ہوئے مداحوں نے کہا کہ اگر ماں بیگم پہلے ہی عقل کے فیصلے لیتیں تو یہ نوبت نہ آتی اور پہلے ہی حیا کی چال بازیوں کو پہچان لیتیں مگر وہ خود حیا کے چُنگل میں پھنس گئیں۔
وہاج علی نے انسٹاگرام پر ڈرامہ سیریل’تیرے بن‘ کی آخری قسط کا ایک چھوٹا سا کلپ شیئر کیا اور لکھا کہ یہ 6 مہینے اور اس دوران جس قدر محبت اور احترام ملا وہ کسی خواب کی تکمیل سے کم نہیں تھا۔ ہم سب سخت محنت کرتے ہیں اور ایک کونے میں بیٹھے اپنی کامیابی کا انتظار کرتے ہیں۔ ہر ایک کو اپنی کامیابی کی باری آتے دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے، میں اپنی باری آنے پر بہت شکر گزار ہوں مزید محنت کرنے کے لیے حوصلہ مند ہوں۔ اصلاح کے لیے کی گئی تنقید، مداحوں کا پیار، پیغامات اور فون کالز نے مجھے یہ احساس دلایا کہ یہ تو ابھی آغاز ہے۔ میں کون ہوں اور میں کیا کرنا چاہتا ہوں اس کے بارے میں مستقل طور پر ایماندار رہنے کے باوجود بھی میں نے کچھ غلطیاں بھی کیں جن پر خوشی ہےکیونکہ ان غلطیوں نے مجھے ایک نیا نقطہ نظر حاصل کرنے کی اجازت دی۔ مرتسم کردار کو میں ہمیشہ اپنے دل میں محفوظ رکھوں گا۔
تیرے بن کی شاندار کامیابی کے بعد اب اس ڈرامے کا سیزن 2 بنانے کا اعلان ہوگیا ہے۔ڈرامے کے پروڈیوسر عبد اللّٰہ کادوانی نے تیرے بن کا غیر معمولی سفر پاکستانی انٹرٹینمنٹ کی تاریخ میں بے مثال سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچا۔ تیرے بن کو سب سے بڑا بلاک بسٹر بنانے پر ہم اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ میں اور اسد قریشی دنیا بھر کے ناظرین کا ہمارے ڈرامے کو بے پناہ محبت دینے کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی شاندار پرفارمنس کو سلام جنہوں نے اس ڈرامے کے مرکزی کرداروں کو شاندار طریقے سے پیش کیا ہے اور ان کے غیر معمولی ٹیلنٹ اور جادوئی آن اسکرین کیمسٹری نے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کی، مرتسم اور میرب کی کہانی کو اور بھی ناقابل فراموش بنا دیا۔ ناظرین کی جانب سے ملنے والی محبت اور حوصلہ افزائی کے جواب میں ہم یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پرجوش ہیں کہ ہم ’تیرے بن‘ کا سیزن 2 بنائیں گے۔