بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے صاحبزادے ابھیشیک بچن، جو آج اپنی محنت اور بہترین اداکاری سے لاکھوں کروڑوں لوگوں کے دل پر راج کر رہے ہیں، ان کا ماضی کسی بھی دوسرے عام اداکار سے آسان نہیں تھا۔ اتنے بڑے فنکار کے بیٹے ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے کرئیر کے ابتدائی سالوں میں بہت سی مشکلوں کا سامنا کیا ہے۔
انہی مشکلوں دنوں کو یاد کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے حال ہی میں 16 سال پہلے کے ایک واقعے کے بارے میں انکشاف کیا، جب ایک خاتون نے انہیں تھپڑ مار دیا تھا۔
اداکار حال ہی میں جاگرن فلم سمٹ میں تھے، جب انہوں نے 2002 میں اپنی فلم شرارت کی نمائش کے موقع پر ہونے والے واقعہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا، "وہ ایک مشکل وقت تھا، میں ایک بار گائٹی گلیکسی میں یہ دیکھنے گیا تھا کہ میری فلم "شرارت" کیسی چل رہی ہے۔ اتنے میں ایک خاتون باہر آئیں اور مجھے تھپڑ مار کر کہا کہ، " اداکاری کرنا بند کرو، تم اپنے خاندان کا نام خراب کر رہے ہو۔"
ابھیشک نے کہا، "شکر ہے میں آج اس کے بارے میں ہنسنے کے قابل ہوں، لیکن اس وقت، یہ بہت برا محسوس ہوا تھا۔"
انہوں نے کہا، پھر ایک وقت ایسا آیا کہ جب میں اپنی فلم "بول بچن" کی اسکریننگ سے باہر نکلا تو ہزاروں لوگ میرے منتظر کھڑے تھے اور میرے لیئے تالیاں بجا رہے تھے۔ اس وقت میں نے سوچا، واقعی وقت ایک سا نہیں رہتا!