معروف اداکار عدنان صدیقی حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مہمان کے طور پر نظر آئے جہاں انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ
میں بہت چھوٹا تھا جب میری والدہ کا انتقال ہوگیا تھا، مجھے اب بھی یاد ہے کہ میں میٹرک کا امتحان دے رہا تھا اور میری والدہ اسپتال میں داخل تھیں، ہم دونوں رات کا کھانا اسپتال میں ہی کھاتے تھے۔ میری والدہ ڈیڑھ سال تک اسپتال میں داخل رہیں اور میں اپنی آنٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جوکہ ہمارے لیے رات کا کھانا بناتی تھیں۔ وہ آنٹی میرے والد کے دوست کی اہلیہ تھیں اور اب وہ بھی دنیا سے جا چکی ہیں، اللہ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے۔
ماں کے آخری وقت کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ
میں بس کے ایک بہت لمبے سفر کے بعد اسپتال پہنچتا تھا، آخری روز جب میں اسپتال میں والدہ کے کمرے میں پہنچا تو وہ آخری سانسیں لے رہی تھیں اور ڈاکٹر آکسیجن پمپ کر رہے تھے، امی نے مجھے دیکھا اور بس وہ دنیا سے چلی گئیں لیکن مجھے ان کا چہرہ یاد ہے وہ اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیتے ہوئے بہت پُرسکون تھیں۔ جیسے میرے ہی آنے کا انتظار کر رہی تھیں۔ میں اس وقت بمشکل 16 سال کا تھا جب والدہ کا انتقال ہوا۔