منی پور کے اندر کھینچی گئی سرحد جہاں غصہ اور اداسی بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کرتے ہیں

منی پور میں موبائل انٹرنیٹ معطل ہے۔ کوئی نیوز الرٹ نہیں جو یہ بتائے کہ کب، کس کونے میں، کس کمیونٹی نے گھر جلایا، پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا اور کہاں کرفیو لگا۔

امپھال کے ہوائی اڈے سے باہر نکلتے ہی نیلے آسمان اور تازہ ہوا کے ساتھ خاموشی نے ہمارا استقبال کیا۔ یہ منظر دماغ میں جاری شور اور کوکی اور میتی برادریوں کے درمیان تقریباً تین ماہ قبل شروع ہونے والے فسادات کے بعد وقفے وقفے سے پھوٹ پڑنے والے تشدد کے خوف کے بالکل برعکس تھا۔

اگر آپ حقیقت نہیں جانتے تو آپ اس خاموشی کو امن سمجھ سکتے ہیں۔

منی پور میں موبائل انٹرنیٹ معطل ہے۔ کوئی نیوز الرٹ نہیں، جو یہ بتائے کہ کب، کس کونے میں، کس کمیونٹی نے گھر جلایا، پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا اور کہاں کرفیو لگا۔

فون کی بیٹری پورا دن چلتی ہے۔ اس کی سکرین زیادہ تر وقت سیاہ رہتی ہے۔ دن کے وقت امپھال کی سڑکوں پر چلنے والی گاڑیاں، بازار میں کھلی ہوئی چند دکانیں اور کبھی کبھار گشت کرنے والی پولیس کی گاڑیاں ہلچل پیدا کرتی ہیں۔

ہم ایک بڑے مال کے سامنے سے گزرے جہاں دکانیں جل کر سیاہ ہو چکی ہیں۔ سکولوں کی عمارتیں بھی ایسی ہی ہیں۔ اس تشدد کے سیاہ نشانات مئی میں پھوٹ پڑے تھے۔

کئی جگہوں پر بورڈز لگائے گئے ہیں جن پر ’ریلیف کیمپ‘ لکھا ہوا ہے۔ کچھ حکومتی ہیں، کچھ کسی نہ کسی پارٹی نے بنائے ہیں اور کئی کمیونٹی تنظیموں نے بنائے ہیں۔ زیادہ تر کیمپ سکولوں کی عمارتوں میں لگائے گئے ہیں۔

سکول بند ہیں۔ انٹرنیٹ نہیں تو بچوں کے لیے آن لائن کلاسز کا بھی آپشن نہیں۔ تین ہفتے قبل حکومت نے پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے لیے سکول کھولنے کا حکم دیا تھا۔

وادی میں رہنے والے میتیوں اور کوکی برادریوں کے درمیان ایک گہری تقسیم پیدا ہو گئی ہے، جو تشدد کے بعد مکمل طور پر پہاڑوں پر چلے گئے ہیں۔ وادی اور پہاڑ کے درمیان فاصلہ اس وقت منی پور کی زمینی حقیقت ہے۔

منی پور کے اندر کھینچی گئی سرحد

ذات پات کے تشدد سے پہلے، امپھال وادی میتی برادری کے غلبے والا علاقہ تھا۔

منی پور کے دارالحکومت امپھال میں زیادہ تر بڑے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، سرکاری نوکریوں اور روزگار کے مواقع ہونے کی وجہ سے کوکی برادری کے لوگ بھی یہاں رہنے لگے۔

تشدد کے بعد پہاڑی علاقوں کے کچھ دیہات میں رہنے والے میتی بھی وہاں سے بھاگ کر امپھال کے ریلیف کیمپوں میں رہنے لگے ہیں۔

منی پور کے مرکز میں واقع وادی امپھال کے ارد گرد ایک سرحد کھینچ دی گئی ہے۔ میتی پہاڑوں پر نہیں جا سکتا اور کوکی وادی میں نہیں آ سکتا۔

منی پور
Getty Images

منی پور میں مسلمان ہونا محفوظ ہے

میتی اور کوکی اکثریتی علاقوں کے درمیان سفر کرنے والے لوگ مسلم ڈرائیوروں کی مدد لیتے ہیں، منی پور میں مسلمان ہونا محفوظ ہے۔

وزیر اعلیٰ بیرن سنگھ ابھی تک کوکی علاقوں کے لوگوں سے ملنے نہیں گئے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ میتی ہیں۔

گورنر انوسویا اوئیکے کا تعلق منی پور سے نہیں۔ انھوں نے میتی اور کوکی دونوں علاقوں کے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا۔ ان کی گاڑیوں کے قافلے کے ڈرائیور بھی وادی اور پہاڑ کی سرحد پر تبدیل کیے گئے۔

منی پور
BBC

حکومت ہے یا نہیں؟

کوکی اور میتی کمیونٹیز کے درمیان سرحد ایک لکیر نہیں۔ یہ کئی کلومیٹر کا علاقہ ہے۔ میتی کے علاقے سے باہر نکلنے اور کوکی کے علاقے میں داخل ہونے کے درمیان اس فاصلے میں بہت سے چیک پوائنٹس ہیں۔

پہلے چیک پوائنٹ پر میتی کمیونٹی کے لوگ ہیں اور آخر میں کوکی کمیونٹی کے لوگ ہیں۔ درمیان میں فوج اور پولیس کے چیک پوائنٹس ہیں۔

برادری کے لوگوں نے بارود، خاردار تاریں اور بڑے پائپ لگا کر راستہ بند کر رکھا ہے۔ ان چیک پوائنٹس پر تعینات لوگوں کے پاس اسلحہ بھی ہے۔

یہاں ہر گاڑی کو چیک کیا جاتا ہے کہ آیا گاڑی میں کوئی ہتھیار تو نہیں۔ گاڑی کے ڈرائیور کا شناختی کارڈ مانگ کر اس کی ذات اور مذہب کے بارے میں معلومات لی جاتی ہیں تاکہ یہ فیصلہ کیا جا سکے کہ اسے سرحد پار کرنے کا حق ہے یا نہیں۔

برادری کے لوگوں کی جانب سے بنائے گئے مسلح چیک پوائنٹس ایک عجیب تجربہ ہے، ان چیک پوائنٹس کا ہونا حکومت کی عدم موجودگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

شہر میں رہنے والوں کے پاس اسلحہ بھی ہے اور گاؤں والوں کے پاس بھی۔ یہ سستے داموں دستیاب ہے اور لوگ انھیں اپنی حفاظت کے لیے اپنے گھروں اور دفاتر میں رکھتے ہیں۔

امپھال میں ایک شخص نے بڑی آسانی سے ہمیں اپنی میز کے نیچے سے اصلی گرنیڈ دکھایا۔

انھوں نے کہا کہ اسے اپنے دفاع کے لیے رکھا گیا تھا۔ قریب ہی ان کی چھوٹی بچیاں کھلونا بندوقوں سے کھیل رہی تھیں۔

منی پور
Getty Images

تشدد کا خوف

زیادہ کشیدگی صرف سرحدوں پر ہے۔ امپھال وادی کے چاروں اطراف سے پہاڑوں کی طرف جانے والی سڑکوں کے دونوں طرف جلے ہوئے مکانات اور ٹوٹی پھوٹی گاڑیاں بکھری پڑی ہیں۔

ان دیہات سے لوگ نقل مکانی کر چکے ہیں۔ فوجی جوان جلی ہوئی عمارتوں میں رہ رہے ہیں۔

ہر دوسری شام کو دونوں برادریوں کے درمیان فائرنگ شروع ہو جاتی ہے۔

کبھی لوگ مارے جاتے ہیں اور کبھی پیچھے چھوڑی ہوئی خالی دکانوں میں آگ لگنے کی خبریں آتی ہیں۔ سبزیوں، پھلوں، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی نقل و حرکت بھی بری طرح متاثر ہے۔

اس تشدد کے خوف کے درمیان منی پور حکومت نے آٹھویں جماعت تک سرکاری سکول کھولنے کی ہدایات دی تھیں۔

امپھال وادی میں کچھ سکول کھل چکے ہیں لیکن بہت کم والدین اپنے بچوں کو بھیج رہے ہیں۔

پہاڑی علاقوں میں سکول بالکل نہیں کھلے۔ وہاں کے امدادی کیمپوں میں رضاکار تھوڑا بہت پڑھا رہے ہیں لیکن جب گھر میں جگہ نہیں تو پڑھائی پر توجہ دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

زیادہ تر سرکاری دفاتر وادی میں ہیں۔لوگوں کے لیے کام نہیں، تنخواہ نہیں اس لیے حکومتی حکم کے بعد میتی برادری کے لوگوں نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے لیکن کوکی برادری کے لوگوں کے مطابق ان کے لیے واپس جانا ممکن نہیں۔

سورج غروب ہوتے ہی شہر ویران ہو جاتا ہے، منی پور میں اندھیرے کے دوران بھی کرفیو نافذ ہے۔

ناراضگی اور نفرت کی آوازیں بلند ہیں اور امن کی بات کرنے والے ڈرتے ہیں کہ کہیں ان کی اپنی برادری ان سے ناراض نہ ہو جائے۔

موبائل میں انٹرنیٹ نہ ہونے کے باوجود دو خواتین کی برہنہ پریڈ کی وائرل ویڈیو ہر فون میں موجود ہے۔

غصہ، اداسی اور ناانصافی کا احساس یہاں پھیل رہا ہے اور یہ واحد چیز ہے جو منی پور کے درمیان کھینچی گئی سرحد کو بغیر کسی رکاوٹ کے پار کر رہی ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US