غیرقانونی معاشی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی: آرمی چیف

image

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سرکاری محکمے معیشت کو نقصان پہنچانے والی غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جمعے کو کراچی میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نگراں وزیراعلٰی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کے ہمراہ شرکت کی۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’قانون نافذ کرنے والے ادارے اور دیگر سرکاری محکمے غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ وسائل کی چوری اور ان سرگرمیوں کی وجہ سے ملک کو ہونے والے معاشی نقصانات کو روکا جا سکے۔‘

آرمی چیف نے تاریخی اقدامات کے فائدہ مند اثرات کے لیے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے، سرکاری محکمے اور عوام صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد ہیں۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو نظرثانی شدہ نیشنل ایکشن پلان، سندھ کے کچے کے علاقے میں آپریشن، سی پیک/نان سی پیک/نجی منصوبوں پر کام کرنے والے غیرملکی شہریوں کی حفاظت، غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکیوں کی وطن واپسی، غیرملکی کرنسی کو ریگولرائز کرنے کے اقدامات، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان، سندھ میں سپیشل انویسمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے اقدامات پر پیشرفت اور گرین سندھ کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

قبل ازیں کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US