فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی: پاکستان نے سعودی عرب کی حمایت کردی

image

پاکستان نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

جمعے کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سعودی عرب نے فیفا فُٹ بال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کرنے کا ارادہ کیا ہے اور پاکستان اس کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم اپنے سعودی بھائیوں کی اس کوشش پر کامیابی کی خواہش کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سعودی عرب ایک یادگار فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔‘

واضح رہے کہ بدھ کو سعودی عرب نے فیفا فُٹ بال ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی تھی کہ ’سعودی عرب 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔‘

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا تھا کہ ’میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کو پھیلایا ہے۔‘

’امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اور نمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقعہ ملتا ہے۔‘

واضح رہے کہ سعودی عرب نے بہت سے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں جن میں سپورٹس بھی شامل ہے۔

سعودی عرب اپنے شاندار ثقافتی ورثے، معاشی طاقت اور اپنے عوام کے عزائم کی بدولت بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے ایک معروف مرکز اور بین الاقوامی منزل کے طور پر تیزی سے ابھرا ہے۔

مملکت نے 2018 سے سپورٹس پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اب تک 50 سے زائد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے ہیں جن میں فٹبال، گالف، ڈیجیٹل سپورٹس، ٹینس، گھڑ سواری اور دیگر سپورٹس ایونٹس شامل ہیں جن کی عالمی سطح پر مملکت نے میزبانی کی۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US