پاکستان زندہ باد کے نعرے نہیں لگاؤ۔۔ میچ کے دوران بھارتی پولیس کا پاکستانی مداح سے سخت رویہ! مومن ثاقب کی ویڈیو دیکھ کر صارفین کی تنقید

image

بھارت نے ایک بار پھر تنگ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کو سپورٹ کرتے پاکستانی مداحوں سے نارروا سلوک کی اپنی روایت برقرار رکھی۔ معروف ٹی وی میزبان مومن ثاقب نے ایسی ویڈیو شئیر کی ہے جس میں ایک پاکستانی کو بھارتی پولیس کی جانب سے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روکا جارہا ہے.

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت کے شہر بنگلورو کے منگلم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ڈیوٹی کرتے بھارتی پولیس اہلکار نے پاکستانی مداح کو نعرے لگانے سے روکا جس کے جواب میں مداح نے کہا میں پاکستان سے ہوں اور کیا کہوں؟ پھر اہلکار نے کہا کہ زندہ باد نہیں۔ دوسری طرف بھارتی مداح جے شری رام کے نعرے لگا رہے تھے. مداح نے ویڈیو میں پوچھا کہ میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کا میچ دیکھ رہا ہوں، لیکن میں پاکستان زندہ باد نہیں کہہ سکتا؟

اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھارت پر کڑی تنقید کی ہے. لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارت یہ کیسی میزبانی کررہا ہے جہاں پاکستانی مداح اپنی ٹیم کو ہی سپورٹ نہیں کرسکتے. جبکہ کچھ صارفین کا سوال ہے کہ پاکستانی مداح آخر میچ کے دوران کیا نعرے لگائیں؟


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US