’امن و امان کی صورتحال برقرار‘ رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ 30 دن کے لیے نظر بند

image

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ڈپٹی کمشنر نے معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کر دیا ہے۔

جمعے کو ڈپٹی کمشنر لاہور نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

دو روز قبل 9 مئی کے واقعات سے متعلق آخری کیس میں ان کی ضمانت ہوئی تھی۔ فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ اس وقت جیل میں ہیں اور جیل ہی میں نظربند ہوں گی۔

خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا۔

نوٹیفیکشن کے مطابق ’خدیجہ شاہ 9 مئی کو پُرتشدد کاروائیوں میں شریک رہیں۔ خدیجہ شاہ کے خلاف مواد کا جائزہ لیا گیا ہے۔ خدیجہ شاہ دوبارہ امن و امان کی صورتحال خراب کر سکتی ہیں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جاتا ہے۔‘

اس سے قبل خدیجہ شاہ کی چار مقدمات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ خدیجہ شاہ کی لیگل ٹیم نے کہا ہے کہ نظر بندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

کور کمانڈر ہاؤس اور عسکری ٹاور پر حملہ کرنے سے متعلق مقدمات میں خدیجہ شاہ کی ضمانت ہوئی تھی۔ ان کو کنٹونمنٹ کے علاقے میں پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں بھی حراست میں لیا گیا تھا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بھی ان کو اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز پیغامات پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا تھا۔ اس میں بھی ان کی ضمانت منظور ہوئی تھی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US