لوٹا نہ دینے پر مسجد کے احاطے میں تکرار کے بعد فائرنگ، دو افراد قتل 

image

خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نماز فجر کے وقت مسجد کے اندر فائرنگ سے دو سگے بھائی قتل کر دیے گئے۔

پولیس کے مطابق بدھ کو فائرنگ کا یہ واقعہ تھانہ شقبدر کے علاقے میں پیش آیا۔

تحصیل شبقدر کے گاؤں مبین قلعہ میں مسجد میں لوٹا حاصل کرنے کے لیے بحث و تکرار شروع ہوئی۔ عینی شاہدین کے مطابق وضوکے دوران لوٹے میں پانی نہ دینے پر دو شہری آپس میں الجھ پڑے جس کے بعد بات ہاتھا پائی اور پھر فائرنگ تک چلی گئی۔ 

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائی مسکین اور عبداللہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی کو ڈسٹرکٹ ہسپتال شبقدر منتقل کیا گیا۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں مقتولین کے بھائی نے 4 ملزمان کو قتل کے مقدمے میں نامزد کیا جو علاقے کے رہائشی ہیں مدعی کے مطابق تکرار کے بعد ملزمان نے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

ایس پی انوسٹیگیشن صنوبر شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ واقعے کے بعد  وہ خود مسجد گئے اور شواہد اکھٹے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عینی شاہد کے بیانات کے علاوہ ہر پہلو سے کیس کی تفتیش کر رہے ہیں۔ ’مقتول کے لواحقین سے ملاقات کی ہے اور فوری انصاف کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔‘

ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل  چارسدہ ڈسٹرکٹ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی جو ہر جگہ  چھاپے مار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر چارسدہ کی جانب سے ملزمان کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US