پاکستان کی جانب سے غزہ کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کی پیش کش

image

نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل فلسطین تنازع کے بارے میں اردن اور مصر کے ساتھ بات چیت کے ایک حصے کے طور پر غزہ سے زخمیوں کو ہوائی جہاز سے لے جانے اور انہیں طبی امداد فراہم کرنے کی پیش کش کی تھی، لیکن اس تجویز پر عمل درآمد میں پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

عرب نیوز کے مطابق جلیل عباس جیلانی نے جمعے کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے یہ بیان دیا کیونکہ ایک سینیٹر نے حکومت سے اس مسئلے کے حوالے سے فعال سفارت کاری میں حصہ لینے اور فلسطینی عوام کی مدد کرنے کا مطالبے کیا تھا۔

گذشتہ مہینے سات اکتوبر کو حماس کے اچانک حملے کے بعد اسرائیل غزہ کی پٹی کا محاصرہ کر کے فضائی اور زمینی حملے کر رہا ہے۔

نگراں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’اس وقت 15 ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، 40 ہزار کے قریب زخمی ہیں اور تقریباً تمام غزہ تباہ ہو چکا ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے حکام نے پاکستان کو اطلاع دی کہ زخمیوں کے لیے قائم کی گئی تقریباً 37 طبی سہولیات تباہ ہو چکی ہیں، اور وہاں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے عملے کے متعدد ارکان اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ ’ہم اردن اور مصر کے ساتھ پہلے سے ہی رابطے میں ہیں۔ ہم نے انہیں بتایا ہے کہ پاکستان زخمی فلسطینیوں کا علاج کرنے اور انہیں ہوائی جہاز میں لے جانے میں خوشی محسوس کرے گا۔ تاہم وہاں کچھ چیلنجز ہیں جنہیں ہم جلد از جلد دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تجویز پر عمل درآمد کے لیے اسرائیل کی اجازت درکار ہے۔

’ہم ان ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں جن کے اسرائیل سے روابط ہیں۔‘

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے انکشاف کیا کہ مصری حکام نے پاکستان کو بتایا کہ اسرائیل غزہ سے نکلنے والے ہر زخمی کی کڑی نگرانی کر رہا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ان میں کوئی حماس کا رکن نہ ہو۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US