پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں اب تک کم سے کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سات افراد کو بے ہوشی کی حالت میں عمارت سے باہر نکالا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ شرقی نے اردو نیوز کو بتایا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب راشد منہاس روڈ پر واقع کثیر المنزلہ عمارت آر جے مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ’واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کے ادارے جائے وقوع پر پہنچے اور آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ عمارت سے اب تک سات افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ آٹھ افراد کو بے ہوشی کی حالت میں باہر نکالا گیا ہے۔‘انہوں نے کہا کہ 42 مزید افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔جناح ہسپتال میں شعبہ حادثات کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین رؤف کے مطابق سات افراد کی لاشیں جناح ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔ جن میں دو افراد کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ تین افراد شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ کراچی محکمہ فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آگ بجھانے کا کام اب تک جاری ہے، آگ عمارت کی چھٹی منزل تک پہنچ گئی ہے۔ ’آپریشن میں فائر بریگیڈ کی آٹھ گاڑیاں، دو سنارکل اور دو باوزر کام کر رہے ہیں۔‘ انہوں نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آئی ہے۔ پہلے مرحلے میں کوشش کی جا رہی ہے کہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جائے۔ پولیس حکام کے مطابق ریسکیو کرنے کے بعد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)کراچی واٹر اینڈ کارپوریشن کے ترجمان عبدالقادر شیخ نے بتایا کہ راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی واٹر کارپوریشن نے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ انچارج ہائیڈرنٹس سیل فائر بریگیڈ عملے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ آگ پر مکمل قابو پانے تک محکمہ فائر بریگیڈ کو پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ہائیڈرنٹس پر موجود پانی سے بھرے ٹینکرز بھی جائے حادثے پر پہنچا دیے گئے ہیں۔نگراں وزیراعلٰی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے راشد مہناس روڈ پر لگنے والی آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ آگ سے متاثر ہونے والے زیرعلاج افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔