کوہستان میں ’غیرت‘ کے نام پر لڑکی کا قتل، ’فیس بک پر تصاویر وائرل ہوئیں‘

image

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں ایک لڑکی کو اس کے والد اور چچا نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔

کوہستان کے تھانہ پالس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح تقریباً آٹھ بجے پیش آیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ’پولیس کو معلوم ہوا ہے کہ لڑکی کی تین چار دن قبل کسی لڑکے کے ساتھ تصاویر فیس بک پر وائرل ہوئی تھیں۔‘

’اس کے بعد لڑکی کے خاندان کے افراد نے صلاح مشورہ کیا اور جمعے کی صبح لڑکی کے والد ارسلا اور چچا محمد نواز نے موقع پا کر گھر کے اندر ہی فائرنگ کر کے لڑکی کو قتل کر دیا اور موقعے سے فرار ہو گئے۔‘

پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ’ملزمان نے مذکورہ لڑکی کو غیرت کے نام پر ناحق قتل کیا ہے۔‘

کوہستان کے ضلعی پولیس آفیسر(ڈی پی او) مختار خان کے مطابق ’پولیس نے مقتولہ کے والد کو گرفتار کر لیا ہے۔‘

ڈی پی او نے بتایا کہ ’تصاویر میں مبینہ طور پر مذکورہ لڑکی سمیت دو لڑکیوں کو مقامی لڑکوں کے ساتھ رقص کرتے دکھایا گیا ہے جو کہ جعلی ہیں۔‘

’دوسری لڑکی کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر اس کے لیے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔‘

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ’تصاویر میں دکھائی دینے والے لڑکے انتقامی کارروائیوں کے خوف سے روپوش ہو گئے ہیں۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US