عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن کا حصہ نہیں، بیرسٹر گوہر پارٹی چیئرمین کے لیے نامزد

image

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ عمران خان پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے، چیئرمین کے عہدے کے لیے بیرسٹر گوہر کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر نے بتایا کہ عمران خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی منظوری دی ہے جو سنیچر 2 دسمبر کو منعقد ہوں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے ہی بیریسٹر گوہر کو نامزد کیا ہے تاہم جو بھی چیئرمین کے لیے منتخب ہوگا وہ عارضی طور پر اس عہدے پر فائز رہے گا، پارٹی کے حقیقی چیئرمین عمران خان ہی ہیں۔

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ عمران خان ہی پاکستان تحریک انصاف کا اول و آخر نظریہ ہیں، ان کے بغیر پی ٹی آئی کا کوئی تصور نہیں ہے۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ الیکشن قواعد و ضوابط کے مطابق ہوں گے اور اس میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں ہوگا۔

انہوں نے 20 دن کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کروانے کے احکامات کے حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن کا حکم غیرقانونی ہے، پارٹی پہلے ہی انتخابات کرا چکی ہے لیکن دوبارہ صرف اس لیے کروا رہے ہیں تاکہ الیکشن کمیشن کو کسی قسم کا کوئی موقع نہ ملے۔

بیرسٹر گوہر کی نامزدگی کے حوالے سے علی ظفر نے کہا کہ اگر کسی قد آور شخصیت کو امیدوار کے لیے نامزد کرتے تو پھر مائنس ون کی بات ہوتی۔

پروزیر الٰہی یا شاہ محمود قریشی کو امیدوار نامزد نہ کرنے پر علی ظفر نے وضاحت دی کہ وہ پارٹی میں مستقل عہدوں پر بیٹھے ہیں اور وہیں رہیں گے جبکہ عارضی طور پر انہیں چیئرمین بنانا مناسب نہیں تھا۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمران خان کے مشکور ہیں کہ پارٹی چیئرمین کے لیے ان کے نام کی منظوری دی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US