سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل کریں گے: بیرسٹر گوہر

image

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘وہ فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل کریں گے۔‘سنیچر کی رات انہوں نے مزید کہا کہ ’سپریم کورٹ کے متنازع فیصلوں میں آج ایک نئے فیصلے کا اضافہ ہوا ہے، اب پی ٹی آئی کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔‘

’اس فیصلے سے ہماری مخصوص نشستیں چلی گئی ہیں، ہمارے امیدواروں کے انتخابی نشانات بھی مختلف ہوں گے، تکنیکی بنیادوں پر کیس کا فیصلہ ہوا ہے۔‘چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ‘سپریم کورٹ میں جن 14 افراد کی بات کی گئی ان میں سے ایک بھی ہماری پارٹی سے نہیں تھا۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’پارٹی کے پاس انتخابی نشان ’بلا‘ رہے یا نہ رہے عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کی آواز پر ووٹ دیں گے۔‘

’ہم اپنے امیدواروں کی نئی فہرستیں تیار کریں گے اور ان کی انتخابی مہم چلائیں گے، ہم اپنے امیدواروں کو نئے انتخابی نشانات کے ساتھ سامنے لائیں گے۔‘تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے سینیئر رکن حامد خان کا کہنا تھا کہ ’سپریم کورٹ کے فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔‘’سیاسی جماعتوں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے، جو آج ایک پارٹی کے ساتھ ہو رہا ہے وہ کل دوسری پارٹیوں کے ساتھ ہوگا۔‘انہوں نے کہا کہ ’دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات زیادہ شفاف تھے۔‘تحریک انصاف کے وکیل سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ ‘تاریخ ہی اب اس فیصلے پر اپنا فیصلہ کرے گی۔‘


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US