الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے استعمال کی کامیاب تجرباتی مشق

image

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نےالیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کے استعمال کی تجرباتی مشق کی جو کامیاب رہی اور اس کے مفید اور حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئے۔

ہفتہ کو کمیشن میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں 859 مقامات پر قائم ریٹرننگ افسران کے دفاتر اِس تجرباتی مشق میں شریک ہوئے جس کے دوران فائبر/ڈی ایس ایل کنیکٹوٹی، ای ایم ایس ایپ لاگ ان، استعمال اور نتائج کی ترسیل و تدوین کے مراحل کی مکمل مشق کی گئی اور اس میں ای ایم ایس کے ذریعے کامیابی سے پریذائیڈنگ آفیسرز کی جانب سے نتائج کی ترسیل اور ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے نتائج کی تدوین مکمل کی گئی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ای ایم ایس کا بنیادی مقصد آر او کی سطح پر نتائج کی تدوین و ترتیب ہے۔

اس مشق کے دوران تمام آر اوز نے مکمل کامیابی کے ساتھ نتائج کی تدوین و ترتیب مکمل کی اور اس میں کسی قسم کی کوئی دقت نہیں ہوئی۔مجموعی طور پر پریذائیڈنگ آفیسرز کی جانب سے نتائج کی ترسیل بھی تسلی بخش رہی تاہم مشق کے دوران چند مقامات پر رابطہ کی دشواری کے باعث کچھ پریذائیڈنگ آفیسرز کو نتائج کی ترسیل میں معمولی مسائل کا بھی سامنا ہوا جنہیں فوری طور پر دور کیا جا رہا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر کسی پریذائیڈنگ آفیسر کو اپنے موبائل فون کے ذریعے نتائج کی آر او تک ترسیل میں کوئی دشواری ہو تو وہ پریذائیڈنگ آفیسر انتخابی نتیجہ ذاتی طور پر آر او کے دفتر پہنچائے گا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US