وفاقی دارالحکومت کے 13 تھانوں کی تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے ، نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کا تقریب سے خطاب

image

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے 13 تھانوں کی تزئین و آرائش شروع کر دی گئی ہے، 30 یوم میں اسلام آباد کے یہ تھانے سٹیٹ آف دی آرٹ بن جائیں گے ، عوام کے جان و مال کا تحفظ ، امن و امان کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پولیس کی شناخت کو بھی بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ،اسلام آبادکے ہسپتالوں کو مثالی بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، اسلام آباد کے عوام کو وہ سہولیات اور آسانیاں فراہم کریں گے جس کے وہ مستحق ہیں ۔ وہ پیر کو تھانہ گولڑہ کی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ آئی جی اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصرخان، ڈی آئی جی ، ایس ایس پیز سمیت دیگر اعلی پولیس افسران ،انجمن تاجران کے نمائندے ا ور معززین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہراعجازنے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے وزارت داخلہ کی امانت سونپی ہے تو پہلے ہی روز آئی جی پولیس اور کمشنر اسلام آباد کے ساتھ ملاقات کر کے ان سے مسائل پوچھے ۔ پولیس حکام سے پوچھا کہ اپنی فورس کو کیا سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور کیسے ان کے حالات بہتر کیے جاسکتے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ اسلام آباد کے 26 تھانوں میں سے 13 تھانوں کی حالت ایسی ہے کہ آپ کو بطور زیر داخلہ دورہ بھی نہیں کراسکتا ۔

نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ اس صورتحال پر سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام کو ہدایت دی کہ اسلام آباد کے ان تھانوں کی فوری تزئین و آرائش کی جائے جس کے بعد آج پیر سے اسلام آباد کے 13 تھانوں میں تزئین و آرائش کا کام شروع ہوجائے گا ۔ ان تھانوں کا ڈھانچہ پنجاب پولیس کے تھانوں جیسا ہوگا ۔ تھانوں کی تزئین و آرائش کا کام 30 یوم کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں پولیس افسران اور جوان 24 گھنٹے گذارتےہیں ،شہری بھی اپنے مسائل کی داد رسی کے لئے تھانوں میں آتے ہیں۔

ہماری کوشش تھی کہ تھانوں کی حالت کو بہتر کر کے پولیس کی شناخت کو عوام کے سامنے مزید نکھارا جائے ۔تھانوں کو ایسا بنانا چاہتے ہیں جیسا کہ عوام کے تصور میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ہسپتالوں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا تو ان کی حالت دیکھ کر رونا آیا ۔ موجودہ محدود وقت کے اندر اسلام آباد کے پمز اور پولی کلینک ہسپتال کو بھی بہتر بنائوں گا ۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US