انتخابی نشان الاٹ، کیا صنم جاوید مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑ رہی ہیں؟

image

سپریم کورٹ نے 26 جنوری کو پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی اور صنم جاوید سمیت چار پارٹی رہنماؤں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صنم جاوید کو دو قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخابی نشانات بھی الاٹ کر دیے ہیں۔

صنم جاوید نے حلقہ این اے 119 سے مریم نواز کے مقابلے میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے جہاں انہیں ریکِٹ کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں  این اے 120 سے تصویر والا فریم اور پی پی 150 سے تکیے کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا تھا۔ 

پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے سے قبل تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کا اعلان کر دیا تھا۔ بتایا جا رہا تھا کہ صنم جاوید این اے 119 سے مریم نواز کے مقابلے میں الیکشن لڑیں گی تاہم اب انہوں نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔

صنم جاوید کی بہن فلک جاوید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس حوالے سے بیانات جاری کیے ہیں جن میں انہوں نے کہا ہے کہ ’صنم جاوید یہ الیکشن نہیں لڑ رہیں جبکہ وہ این اے 119 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار میاں شہزاد فاروق کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔‘

صنم الیکشن نہیں لڑ رہی ہے کیونکہ میاں شہزاد فاروق بہترین انداز میں اپنی کمپین چلا رہے ہیں

انشاءاللہ ہم مل کر پشپا کو عبرت ناک شکست دیں گے۔۔۔!!!

— Falak Javaid Khan (@falakjavaidkhan) January 28, 2024

انہوں نے بتایا کہ ’صنم الیکشن نہیں لڑ رہیں کیونکہ میاں شہزاد فاروق بہترین انداز میں اپنی  کمپین چلا رہے ہیں مگر بے فکر رہیں آپ انہیں اسمبلی میں ضرور دیکھیں گے۔‘

ایک اور پوسٹ میں فلک جاوید نے لکھا کہ ’ہم میاں شہزاد فاروق کی الیکشن کمپین  صنم کی کمپین سمجھ کر چلائیں گے۔‘

اس پوسٹ کے جواب میں عمران خان کے فوکل پرسن برائے سوشل میڈیا اظہر مشوانی نے لکھا کہ ’پارٹی کے لیے NA-119 کا فیصلہ کافی مشکل تھا۔ ایک طرف ملٹری کورٹ میں قید عباد فاروق کے بھائی شہزاد فاروق دوسری طرف ہماری بہادر بہن صنم جاوید۔ لیکن ہم جلد صنم جاوید کو ریزرو سیٹ پر پنجاب اسمبلی میں دیکھیں گے۔‘

پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشنز میں چیئرمین پی ٹی آئی منتخب ہونے والے بیرسٹر گوہر نے بھی ایک ٹی وی شو میں بتایا کہ ’صنم جاوید الیکشن کے لیے تو اہل ہیں لیکن وہ الیکشن نہیں لڑ رہیں۔‘

آپ کے پیار اور آپ کی دعاؤں کا بہت شکریہ۔۔۔!!

سارے پیغامات کا جواب ہے صنم الیکشن نہیں لڑ رہی مگر بے فکر رہیں آپ اس کو اسمبلی میں ضرور دیکھیں گے۔۔۔!! انشاء اللہ

— Falak Javaid Khan (@falakjavaidkhan) January 29, 2024

اس سے قبل صنم جاوید کے والد جاوید اقبال نے اُردو نیوز کو بتایا تھا کہ صنم جاوید ایک حلقے سے الیکشن لڑیں گی۔ ہمارے لیے تین نشستوں سے انتخابی مہم چلانا ممکن نہیں ہے اس لیے صنم جاوید صرف ایک نشست پر انتخابات لڑیں گی اور وہ بالخصوص مریم نواز کے خلاف ہی میدان میں اُتریں گی۔‘

صنم جاوید سوشل میڈیا بالخصوص ایکس (ٹوئٹر) پر تحریک انصاف کی پُرجوش اور سرگرم حامی کے طور پر جانی جاتی ہیں اور عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد وہ زمان پارک میں پارٹی چیئرمین کے گھر کے باہر ہونے والی سیاسی سرگرمیوں میں بھی نمایاں دکھائی دیتی رہی تھیں۔ 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US