معاشرے میں خصوصی بچوں کو ساتھ لیکر چلنے کے لیے آگاہی، تربیت اور مہارتیں بہت ضروری ہیں، صدر مملکت

image

کراچی۔30جنوری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زور دیا ہے کہ معاشرے میں خصوصی افراد کو ساتھ لیکر چلنے کےلئے آگاہی فراہم کرنے ، انہیں تعلیم اور زندگی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وہ ڈائون سنڈ روم اور دیگر ذہنی چیلنجوں میں مبتلا افراد کے ادارہ سوسائٹی فار چلڈرن ان نیڈ آف سپیشل اسسٹنس کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ خاتون اول بیگم ثمینہ علوی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مختلف صلاحیتوں کے حامل بچے معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں زندگی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے سے وہ اپنی زندگی گزارنے اور روزمرہ کے کام خود انجام دینے کے قابل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ایسے افراد کے لیے ان کی صلاحیتوں کے مطابق روزگار کے خصوصی مواقع پیدا کرنے اور انہیں ان ملازمتوں کے لیے درکار مخصوص ہنر سکھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے معمول کے تعلیمی اداروں میں داخلے پر زور دینےکے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں ، ہمیں پاکستان میں بھی خصوصی افراد کے لئے روایات کو توڑنے کی ضرورت ہے ۔وفاقی اور سندھ حکومتوں نے سرکاری شعبے کی ملازمتوں میں مختلف افراد کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کرکے اس سلسلے میں قابل تعریف پیش رفت کی ہے جبکہ بینکنگ سیکٹر بھی خصوصی افراد کو شامل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک اور مختلف بینکوں کے سربراہان نے بھی مزید یقین دہانی کرائی ہے اور خصوصی افراد اور خواتین کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے سے متعلق حالیہ اجلاس میں بھی اس سلسلے میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بڑے پیمانے پر آگاہی سماجی تاثرات اور طرز عمل کو تبدیل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے اور اس کا مشاہدہ چھاتی کے کینسر سے متعلق خصوصی مہم کے دوران ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی کے اقدامات بشمول علامات اور روک تھام کے بارے میں ٹیکسٹ اور صوتی پیغامات ملک بھر میں لاکھوں لوگوں تک پہنچے جس سے سینکڑوں قیمتی جانیں بچیں۔ ڈاکٹر عارف علوی نے خاتون اول ثمینہ عارف علوی کی چھاتی کے کینسر اور مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کے حوالے سے بڑے پیمانے پر شعور اجاگر کرنے کی کوششوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ اب وہ ذہنی صحت کے مسائل پر کام کر رہی ہیں۔

صدر مملکت نے مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کی خصوصی دیکھ بھال اور تربیت فراہم کرنے اور انہیں زندگی کی بنیادی مہارتیں سکھانے پر سوسائٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اس موقع پر سوسائٹی کے اعزازی سیکرٹری ذوالفقار علی رمزی نے کہا کہ اس حقیقت کو سمجھتے ہوئے کہ خصوصی دیکھ بھال اور آگاہی کے ساتھ مختلف صلاحیتوں کے حامل بچے اپنی زندگی گزار سکتے ہیں تو سوسائٹی نے انہیں تمام ضروری مہارتیں فراہم کر رہا ہے۔

پرنسپل ایس ڈی ایچ، رضوانہ خانم نے بریفنگ دی کہ سوسائٹی کا بڑا مقصد مختلف قسم کی مشکلات سے دوچار بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے ایک پلیٹ فارم قائم کرنا ہے، تاکہ وہ معاشرے کے خود کفیل اور قدر میں اضافہ کرنے والے افراد بن سکیں۔

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف معذور بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے سہولیات کا معائنہ کرنے کے لیے ادارے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ان خصوصی طلبہ سے بات چیت کی جو پیشہ ورانہ سرگرمیوں یا کھیلوں میں مصروف تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر سوسائٹی کے احاطہ میں پودا بھی لگایا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US