بہاولنگر۔ 30 جنوری (اے پی پی):مسلم لیگ ن کے قائد وسابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کو ترقی کا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔ کرپشن فری پاکستان بنانے والوں نے پاکستان کو کرپشن زدہ کر دیا ، غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ،اشیاء کی قیمتیں آسمان پر چلی گئیں ۔صنعت اور زراعت تباہی کے دھانے پہ ہیں ۔کوئی نیا منصوبہ شروع نہ کر کے قوم پر ظلم کیا گیا ۔پاکستان کی ترقی کا سفر آٹھ فروری کو دوبارہ شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو جناح اسٹیڈیم ہارون آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان، تحصیل اور ضلعی عہدے داران امیدواران صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مظہر اقبال، امیدوار قومی اسمبلی نورالحسن تنویر کے علاوہ ضلع بھر کی قیادت موجود تھی انہوں نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ملک میں گالی کی سیاست کو فروغ دیا گیا اداروں کو باہمی چپقلش میں مبتلا کر کے دھرنا خان نے مزموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی، لیکن یہ باشعور عوام کا ملک ہے۔عوام نے دوبارہ موقع دیا تو عوامی خدمت کا سفر دوبارہ شروع کریں گے لوگوں کو مہنگائی سے نجات، بے روزگاری کا خاتمہ اورملکی معیشت کا پہیہ دوبارہ چلائیں گے۔ زراعت کی مشکلات سے آگاہ ہیں، بہتری کی کوشش کریں گے۔ کسان حضرات کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کر کے ملک کی معیشت میں کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گے یہ علاقہ نظر انداز کیا گیا۔ ان شاءاللہ اقتدار میں ا ٓکر بہاول نگر سے فورٹ عباس تک دو رویہ سڑک بنائیں گے انہوں نے دیگر کئی منصوبہ جات کا وعدہ کیا۔