کوئٹہ۔ 30 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ مچھ حملہ انتخابات کو ثبوتاژ کرنے کی سازش تھی جسے سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اورووٹرز کی سیکیورٹی کو ہر قمیت پر یقینی بنائیں گے ،پاک فوج، ایف سی اور تمام سیکورٹی فورسز ملکی سا لمیت اور کسی بھی مقامی اور غیر ملکی مذموم سازش کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں ،بلوچستان کے عوام امن و ترقی کے خواہاں ہیں اور اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مچھ میں سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردانہ حملوں کو پسپا کرکیا، پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز ہر طرح کی تخریبی کارروائیوں اور جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی اور بیرونی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم سب پہلے سے بھی زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی طور بھی کسی ملک دشمن قوت کو ایسا موقع نہ دیں جس سے انتشار پھیلنے کا خطرہ ہو ،انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سالمیت اور استحکام کی علامت ہے جو سرحدی دفاع کے ساتھ ساتھ بحالی امن کے لئے کوشاں ہے ،انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے ،دہشت گردی کا قلع قمع کرکے بلوچستان اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ،وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ نگران حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت صوبے میں صاف وشفاف ،غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کے لئے تیار ہے ،تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ،عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں تاکہ انتخابات کا جمہوری عمل بطریق احسن پایا تکمیل کو پہنچے اور منتقلی اقتدار منتخب نمائندوں کے حوالے کرکے آئینی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے۔