بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی کیمپ کے قریب کریکر دھماکے میں تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جعفر آباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں نیشنل ہائی وے پر مسلم لیگ ن کے امیدوار راحت فائق نے انتخابی کیمپ لگا رکھا ہے۔
جمعرات کو نامعلوم افراد نے وہاں کریکر بم پھینک دیا، جس سے دھماکہ ہوا اور نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان میں گزشتہ چند روز کے دوران انتخابی مہم چلانے والے امیدواروں پر متعدد حملے ہوئے ہیں۔
منگل کی شام کو بلوچستان کے شہر سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب دھماکہ ہوا تھا جس میں چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکہ جناح روڈ پر اس وقت دھماکہ ہوا جب وہاں سے پی ٹی آئی کی ریلی گزر رہی تھی۔
دھماکے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں پی ٹی آئی کے کارکن موٹر سائیکلوں پر پارٹی پرچم اٹھائے گزر رہے تھے اور زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد دھواں اٹھتا ہے اور بھگدڑ مچ جاتی ہے۔پولیس نے بتایا تھا دھماکہ سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل پر نصب دیسی ساختہ بم کے ذریعے کیا گیا۔بلوچستان میں عام انتخابات کے قریب آنے پر بدامنی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور پچھلے تین روز کے دوران 10 سے زائد حملے ہو چکے ہیں۔ کوئٹہ میں پولیس کی ایک خالی چیک پوسٹ کے قریب بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک ہوا، جس کے بارے میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا وہ راہگیر تھا یا بم نصب کرنے آیا تھا۔اسی طرح کیچ میں ابسر روڈ پر ایف سی کی چوکی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔تربت میں پی پی کے امیدوار کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا جبکہ حب دیگر علاقوں میں بھی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے دفاتر پر حملے کیے گئے۔