پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے التوا کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
الیکشن کمیشن میں امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ عام انتخابات 8 فروری ہی کو ہوں گے۔خیال رہے بلوچستان اور خیبر پختونخوا امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر نے کی۔اجلاس میں وزیر داخلہ، سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹریز بلوچستان اور کے پی شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلوچستان، خیبرپختونخواہ کے آئی جیز پولیس، حساس اداروں کے حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔گوہر اعجاز نے بتایا کہ اجلاس میں دونوں صوبوں میں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں وزیر داخلہ نے کوئٹہ میں امن و امان کے سلسلے میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان کے چاروں صوبوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ ملک میں آزادانہ وشفاف الیکشن منعقد کرانے کے لئے تیاریوں کا جائزہ لیا جاسکے۔’ہماری کوشش ہے کہ کوشش ہے کہ ملک میں جنرل الیکشن پرامن ماحول میں منعقد ہو۔‘انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں انتخابات کے لئے تمام دستیاب وسائل مہیا کرے گی۔’نگران حکومت ملک میں آزادانہ انتخابات کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ انتخابات کے دوران صوبے میں ووٹرز اور امیدواروں کو بھرپور تحفظ حاصل رہے گا۔‘