کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث کئی علاقے زیرآب، بجلی غائب

image
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں سنیچر کی شب شدید بارشوں کی وجہ سے کئی علاقے زیرآب آنے کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، منگھو پیر، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلشن معمار سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی۔

شدید بارشوں کے بعد ان علاقوں میں پانی کھڑا ہے اور شہریوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سرجانی میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے بیان کے مطابق بارش کہ وجہ سے اب بھی کئی علاقوں میں بجلی بدستور منقطع ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے بیان میں کہا کہ ’بارش کے پانی کی نکاسی اور فیلڈ ٹیموں سے سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی باقی ماندہ علاقوں کی بجلی بھی بحال کی جا رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایف، ناظم آباد نمبر 4، فاطمہ جناح روڈ، گلشنِ اقبال بلاک 2، 8،9، 15 اور 16 سمیت گلستان جوہر بلاک 2 اور دیگر علاقوں میں بجلی بحال کی جا چکی ہے۔

’کےالیکٹرک کی قیادت اور عملہ متحرک ہیں اور شہری انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔‘

کے الیکٹرک نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ ’بجلی کی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور موسم کی شدت میں کمی آنے تک گھروں میں محفوظ رہیں۔‘

دوسری جانب واٹر کارپوریشن کے سربراہ انجینیئر سید صلاح الدین احمد نے شہر بھر میں ممکنہ بارش کے پیش نظر واٹر کارپوریشن میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔

واٹر کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف انجینیئر سیوریج کو تمام جیٹنگ و سکشن مشینوں کو ہمہ وقت تیار رکھنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

بلوچستان میں بارش اور برفباری، انتخابی مہم متاثر

بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں جبکہ گوادر اور کیچ میں بارشوں کی وجہ سے سڑکیں بہہ جانے سے راستے بند ہو گئے ہیں۔

بارشوں کی وجہ سے بلوچستان میں انتخابی مہم متاثر ہوئی ہے اور کئی علاقوں میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنرز میٹنگز ملتوی کر دی گئی ہیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US