’دی بِگ فراسٹ‘: انگلینڈ میں شدید سردی کے اُس موسم کی کہانی جسے ’خدا کا قہر‘ لکھا گیا

تقریباً ساڑھے تین سو سال پہلے برطانیہ میں اتنی سردی پڑی کہ دریائے تھیمز دو ماہ تک جما رہا اور اس پر لندن والوں نے میلا لگا لیا
دریائے تھیمس 30 سینٹی میٹر موٹی برف کی تہہ سے ڈھک گیا تھا
Getty Images
دریائے تھیمز کا ایک منظر جس کے پس منظر میں لندن برج نظر آ رہا ہے

یہ تقریباً ساڑھے تین سو سال پہلے کی بات ہے، جب برطانیہ میں موسمِ سرما میں اتنی سردی پڑی کہ آج بھی اس واقعے کو ’دی بِگ فراسٹ‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ اس کو برطانیہ کی تاریخ کا ’سخت ترین موسمِ سرما‘ کہا جاتا ہے۔

اُس وقت کے درست درجہِ حرارت تعین کرنا تو مشکل ہے کیونکہ اس زمانے کے درجہِ حرارت کا باقاعدہ ریکارڈ نہیں ملتا۔ لیکن لندن کے کرائسٹ ہسپتال کے ڈاکٹر جان ڈاؤنس کا کہنا ہے کہ اس سال موسمِ سرما کے دوران، گھر کے اندر کا درجہِ حرارت تقریباً منفی 4 سینٹی گریڈ جبکہ باہر کا درجہِ حرارت منفی 12 تک چلا گیا تھا جبکہ اس زمانے میں کم سے کم درجہِ حرارت منفی 30 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس دوران کئی خاندان سردی اور بھوک سے مارے گئے، اشیائے خورد و نوش اور ایندھن کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی تھیں جبکہ مال مویشی اور دیگر جانور کھڑے کھڑے اپنی جگہوں پر مر گئے تھے۔

صحافی چارلس میکے لکھتے ہیں کہ ’اتنی سردی تھی کہ درختوں کے تنے اتنی زور سے پھٹتے جیسے کسی نے مسکیٹ رائفل چلائی ہو۔‘

لندن والوں نے دریائے تھیمس پر سٹالوں کی قطاریں لگا کر برف پر میلہ کا سا ماحول بنا دیا تھا
Getty Images
1683-4 میں لگے برف میلے کی منظرکشی

تاریخ دان جان ایولین لکھتے ہیں کہ سردی کی شدت سے مرغوں کے پنجوں میں پھنسے اُن کے شکار تک جم گئے تھَے۔

ایک راہب نے لکھا کہ ایسی بھی صورتحال دیکھی گئی کہ سوپ کو ہلاتے ہوئے وہ غلطی سے جب گرا، تو گرتے ہی فوراً جم گیا جبکہ دوسری طرف پیالے میں موجود سوپ سے اس وقت بھی دھواں نکل رہا تھا۔

سنہ 1986 میں شائع ہونے والی کتاب ’دی ورلڈ آف ونڈرز‘ کے مطابق اس برس اتنی سردی پڑی تھی کہ تقریباً تمام ہی پرندے غائب ہو گئے تھے۔

ملاحوں نے پیسے کمانے کے لیے نے چھوٹی کشتیوں کے نیچے سکیٹس لگا کر اس پر لوگوں کو منجمد دریا پر سواری کروانی شروع کردی تھی
Getty Images
برف پر پھسلنے کے خطرات بھی تھے

دریائے تھیمز 30 سینٹی میٹر موٹی برف کی تہہ سے ڈھکا ہوا تھا اور جہازوں کے ذریعے سامان کی ترسیل تقریباً دو مہینے تک بند رہی کیونکہ دریا مکمل طور پر جم گیا تھا۔

جن افراد کی زندگی کا دار و مدار دریا پر تھا،ا ن کے لیے گزر بسر کرنا انتہائی مشکل ہو گیا تھا۔

ایک نیوز شیٹ، جس کی ایک کاپی آج بھی برٹش میوزیم میں محفوظ ہے، نے قیاس آرائی کرتے ہوئے اس شدید موسم کو ’خدا کا قہر‘ لکھا تھا۔

دریائے تھیمز پر سجا برف کا میلہ

دریائے تھیمز اچانک نہیں جما تھا۔ نومبرکے وسط سے، دریا میں تھوری بہت برف جمنا شروع ہو چکی تھی دریا کے مکمل طور پر جمنے کا عمل دسمبر میں مکمل ہوا۔

دسمبر سے قبل دریا کے درمیانی حصے میں برف بہتی ہوئی دکھتی تھی مگر دریا پھر بھی بہہ رہا تھا مگر دسمبر کے اختتام تک بالآخر وہ بھی جم گیا۔

جمے ہوئے دریائے تھیمس پر گلاف کھیلی جا رہی ہے
Getty Images
جمے ہوئے دریائے تھیمز پر گالف کھیلی جا رہی ہے

کچھ ہی وقت میں دریا اس حد تک جم گیا کہ وہ انسانوں کا وزن برداشت کرنے قابل ہو گیا۔

جنوری 1684 کے پہلے ہفتے میں، ایک شرط کو پوری کرنے کے ایک بگی اور چھ گھوڑوں نے برف سے جمے دریا کو عبور کیا۔جیسے جیسے درجہ حرارت مزید گرا اور ٹھنڈ شدت اختیار کرتی گئی تو ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جیسے سرد ہوا ہڈیوں سے گوشت اُتار رہی ہو۔

اس ہی دوران، لندن والوں نے دریائے تھیمز پر سٹالوں کی قطاریں لگا کر برف پر میلے کا سا ماحول بنا دیا۔

گو اس سے پہلے بھی دریائے تھیمز پر برف میلے لگا کرتے تھے مگر 1683 میں پہلی مرتبہ ایسا شاندار میلہ لگا تھا جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا۔

کمائی کے نئے مواقع

کتابچے اور اشتہارات چھاپے گئے جن میں نقشوں کے ساتھ جمے ہوئے دریائے تھیمز کے بارے میں تفصیلات شائع کی گئیں۔

مورخ جان ایولین نے اپنی ڈائری میں منجمد دریا پر منعقد میلے میں ہونے والی ریسوں، کٹھ پتلیوں کے تماشے اور کھانے پینے کے متعدد اسٹالز کے بارے میں لکھا ہے
Getty Images
دریائے تھیمز پر لگے میلے کا ایک منظر

بالآخر بیروزگار کشتی والوں اور ملاحوں کو برف پر سیاحوں کی رہنمائی کر کے پیسے کمانے کا موقع ملا۔ کچھ نے اپنی چھوٹی کشتیوں کے نیچے سکیٹس لگا کر اس پر لوگوں کو منجمد دریا پر سواری کروانی شروع کی۔

جان ایولین نے اپنی ڈائری میں منجمد دریا پر منعقد میلے میں ہونے والی ریسوں، کٹھ پتلیوں کے تماشے اور کھانے پینے کے متعدد سٹالز کے بارے میں لکھا ہے۔ ایک بار تو وائٹ ہال کے قریب برف پر ایک پورا بیل بھی بھونا گیا تھا۔

جلدی ہے وہاں تحائف بھی بکنے شروع ہو گئے جن میں کندہ شدہ چاندی کے چمچوں سے لے کر ٹکٹوں تک موجود تھے جو کہ وہیں برف پر چھاپے جاتے تھے۔

4 فروری 1684 کو ایک اور تاریخ دان اپنی ڈائری میں لکھتے ہیں کہ جب وہ اس میلے میں گئے تو اس وقت وہاں برف پر چار پرنٹنگ پریس لگے ہوئے تھے۔

ان کے مطابق ان پریس مالکان نے تو اس سارے عمل میں بہت پیسہ بنایا مگر ان دنوں غریبوں کی حالت ابتر ہو گئی تھی۔

برف کی نقل و حمل کرنے والے ملاحوں کو اب اپنے زمینی ہم عصروں سے مقابلہ کرنا تھا کیونکہ اب وہ بھی جمے ہوئے دریا کو اپنے کاروبار کی توسیع کے لیے استعمال کر سکتے تھے۔

ان میں سے کچھ ملاح، دریا پر کشتی کو اسکیٹس لگا کر دھکیل کر روزی کمانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ دوسری جانب گھوڑوں سے چلنے والی گاڑیاں بھی دستیاب تھیں۔

بالآخر، کشتی والوں نے دریا میں ریڑھیوں کے گزرنے پر پابندی کے لیے عدالت میں درخواست دینے کا فیصلہ کیا لیکن 5 فروری کو جب درخواست پیش کی جانی تھی،اس دن برف پگھلنا شروع ہو گئی۔

آنے والے برسوں میں بھی میلے لگے لیکن کوئی بھی اتنا بڑا یا دیرپا نہیں ہوا۔ آخری مرتبہ تھیمز پر برف میلہ 1814 میں لگا جو صرف چار دن جاری رہ سکا۔ اس کے بعد سے دریائے تھیمز کا بہاؤ کبھِی نہیں جما۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow