جرمنی کے مغربی شہر گیلسن کرچن میں ایک غیر معمولی چوری کی واردات ہوئی جہاں چوروں نے بینک کی دیوار میں سوراخ کر کے لاکھوں یوروز اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واردات بینک کی ایک برانچ میں کرسمس کی چھٹی کے دوران پیش آئی۔ پولیس کے مطابق چوروں نے دیوار میں سوراخ کر کے 10 ملین یوروز اور قیمتی سامان اپنے ساتھ لے گئے۔
چوری کا علم بینک میں فائر الارم بجنے کے بعد ہوا جس کے بعد بینک کے صارفین اور عملے کو اس واردات کا علم ہوا۔ درجنوں مشتعل صارفین بینک کے باہر جمع ہو کر نعرے لگاتے رہے۔
پولیس نے بتایا کہ عینی شاہدین نے ہفتے کی رات کئی افراد کو ایک ملحقہ پارکنگ گیراج کی سیڑھیوں میں بڑے بیگ اٹھائے ہوئے دیکھا۔ حکام نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے اور تلاش کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔