الیکشن کمیشن کی پریزائیڈنگ افسران کو فارم 45 کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

image
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ریٹرننگ افسران یقینی بنائیں گے کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 فراہم کریں۔

بدھ کو الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پریزائیڈنگ افسر فارم 45 پر اپنے اور پولنگ ایجنٹس کے دستخط کروائیں گے، دستخطوں کے بعد پریزائڈنگ افسران فارم 45 پولنگ سٹیشن کے باہر آویزاں کریں گے۔

فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کرنے کا کہا گیا ہے جبکہ اس فارم سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے پریزاڈنگ افسران کے خلاف سخت کارروائی کے حوالے سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے الیکشن 2024 کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جو صوبوں کے ساتھ منسلک ہوگا۔

کنٹرول روم میں وزارت داخلہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام بھی موجود ہوں گے۔

اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے افسران و جوانوں کا بھی پولنگ سٹیشنز پر پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔

کیپیٹل پولیس کے مطابق پولنگ سٹیشنز پر تعینات اہلکار آج رات وہیں قیام کریں گے۔

اسلام آباد پولیس کے 6500 اہلکاروں کے ساتھ 1000 ایف سی، 1500 رینجرز اور فوج کے جوان فرائض سر انجام دیں گے۔

پولیس کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ کار کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی صورت میں خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن والے دن اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ٹریفک کے نظم و ضبط اور پارکنگ کے مناسب اقدامات عمل میں لائیں جائیں گے۔

انتخابات کی کوریج کرنے والے صحافیوں اور غیرملکی مبصرین اور مشاہداتی ٹیموں کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مدد فراہم کی جائے گی۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US