پشاور۔ 10 فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے ترجمان اختیارولی خان نے کہا ہے کہ اسد قیصر ایک آزاد امیدوار ہیں، پی ٹی آئی نام کی اس وقت کسی پارٹی کا وجود نہیں۔
ہفتہ کو اسد قیصر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا اختیارولی خان نے کہا کہ اسد قیصر ایک آزاد امیدوار ہیں، پی ٹی آئی نام کی اس وقت کسی پارٹی کا وجود نہیں، پہلے پارٹی کو رجسٹر کرائیں پھر کوئی پارٹی کا نام رکھیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بڑے لیڈر اور (ن) لیگ ملک کی بڑی جماعت بن کر اُبھری ہے، نوازشریف کی تقریر سمجھنے کیلئے اسد قیصر کو کئی سال لگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سے آپ جیتیں وہاں سب ٹھیک جہاں سے ہاریں وہاں دھاندلی یہ منافقت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو ریورس گئیر میں تیسری اسمبلی مبارک ہو، اپنی منزل سے بے خبر شُتر بے مہار اسمبلی سے صوبے کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے معاشی اور انتظامی حالات بدتر ہونے کے اندیشے ہیں، ترقی کے سفر میں چاروں صوبوں میں خیبر پختونخوا بہت پیچھے رہ گیا، مزید خرابیاں پیدا ہونگی۔