اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):کامن ویلتھ مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن 2024 کا انعقاد اچھے ماحول میں ہوا ، عام انتخابات کے پرامن انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،پورے انتخابی عمل کے دوران عوام کے حوصلے اور عزم کو سراہتے ہیں ۔ پولنگ سٹاف، سیاسی جماعتوں، امیدواروں، ان کے ایجنٹس اور سکیورٹی ایجنسیز کو انتخابی عمل کے دوران ان کے کردار پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ہفتہ کو یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کامن ویلتھ مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے کہا کہ ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے 2024 کے انتخابات کا مشاہدہ کیا ،لوگ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے نکلے ، الیکشن مینجمنٹ سسٹم بہترین کاوش تھی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سٹاف کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولنگ سٹاف نے بھی بہت پیشہ وارانہ طریقے سے کام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے کراچی، ملتان، حیدر آباد، فیصل آباد کے مختلف پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا، خواتین عملہ کو پولنگ سٹیشن پر بہتر طریقے سے کام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مبصر کے طور پر ہمارے اپنے معیارات ہیں ، کسی خبر کی تردید یا تصدیق کے پابند نہیں ہیں، سربراہ کامن ویلتھ وفد نے انتخابات کے روز سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کئی ایسے افراد کو بھی دیکھا جو جسمانی معذوری کے باوجود انتخاب کے دن اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے نکلے جبکہ ان کو ووٹ کے حق کے استعمال کےلئے پولنگ سٹاف اور سکیورٹی پر مامور افراد کی جانب سے موثر معاونت فراہم کی گئی جس کو سراہتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بزرگ شہریوں اور حاملہ اور بیمار خواتین کو بھی معاونت فراہم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشاہدہ کیا کہ پولنگ سٹیشنز پر تعینات پولنگ عملہ پیشہ ور تھا اور وہ اپنی خدمات احسن طریقہ سے انجام دے رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشنز پر ووٹ کے تقدس کو یقینی بنایا گیا۔ پولنگ سٹیشنز پر پولنگ بروقت مکمل ہوئی اور شام 5 بجے کے بعد پولنگ سٹیشنز کے احاطہ میں موجود افراد کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا۔پولنگ سٹاف کی جانب سے عمومی طور پر گنتی کا عمل مستعدی سے کیا گیا۔ ہر پولنگ سٹیشن کے بعد فارم 45 آویزاں کیا گیا ۔ انٹرنیٹ اور موبائل کی سروسز بند ہونے کی وجہ سے پریذائیڈنگ آفیسران کو یہ فارم ریٹرننگ آفیسران تک روایتی طریقے سے پہنچانے پڑے جس سے نتایج کو حتمی شکل دینے میں کچھ مشکلات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے عوام کے حوصلے اور عزم کو سراہتے جو انہوں نے پورے انتخابی عمل کے دوران دکھایا۔پولنگ سٹاف سیاسی جماعتوں، امیدواروں، ان کے ایجنٹس اور سکیورٹی ایجنسیز کو انتخابی عمل کے دوران ان کے کردار پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ انتخابی نتائج مرتب کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ تحمل اور بردباری جاری رکھیں اور جنہیں کسی معاملے پر تحفظات ہیں وہ اپنے تحفظات طے شدہ طریقہ کار کے مطابق حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر جمہوریت میں انتخابات فیصلہ کن مرحلہ ہوتے ہیں اور ہر انتخابات یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ اس سے مثبت طور پر فائدہ اٹھایاجائے۔ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں بہتر لیگل فریم ورک کی تشکیل کے لئے کی جانے کاوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے یہ توقع ظاہر کی کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور دولت مشترکہ اس میں معاونت جاری رکھے گا۔